ذکا اشرف کے ایشیاکپ کے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرنے پر ایشین کرکٹ کونسل کا سخت برہم

لاہور (مشرق نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے مضبوط امیدوار ذکا اشرف کی جانب سے ایشیا کپ کیلئے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد اور اسے ناانصافی قرار دئیے جانے پر ایشین کرکٹ کونسل نے ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں مگر ایشیا کپ کےلئے ہائبرڈ ماڈل کو اے سی سی نے قبول کر لیا اب کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔تفصیلات کے مطابق حال ہی میں اے سی سی کی جانب سے ایشیا کپ کیلئے منظور شدہ ہائبرڈ ماڈل سے متعلق ایک روز قبل پریس کانفرنس میں ذکا اشرف نے کہا کہ میں نے ہائبرڈ ماڈل کو پہلے ہی مسترد کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کو ایشیا کپ کی میزبانی دی، پاکستان کو مکمل ایشیاکپ کی میزبانی کرنی چاہیے، اہم میچز باہر ہوں گے اور نیپال، بھوٹان کے میچز پاکستان میں ہوں گے، پاکستان کے ساتھ ہائبرڈ ماڈل ناانصافی ہے۔بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق خبر ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اے سی سی بورڈ کے ایک رکن نے ذکا اشرف کی جانب سے ایشیا کپ کیلئے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرنے کے بعد بیان دیا۔اے سی سی کے بورڈ کے رکن نے کہا کہ ذکاءاشرف آزاد ہیں، وہ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں تاہم ایشیا کپ کےلئے ہائبرڈ ماڈل کو اے سی سی نے قبول کر لیا ہے اور اب اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔