سمندری طوفان،عوام کی حفاظت کیلئے تما م وسائل بروئے کار لائے جائیں،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے سمندری طوفان بپرجوائے کے پیش نظر تمام تر وسائل کو بروئے کار لا کر لوگوں کی حفاظت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے سندھ حکومت، این ڈی ایم اے اور دیگر ادارے ملکر ساحلی علاقوں میں موبائل ہسپتالوں کا قیام یقینی بنائیں،ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی طبی امداد کا خاطر خواہ انتظام یقینی بنایا جائے ۔

وزیر اعظم نے پاور منسٹر انجینئر خرم دستگیر کو جنوبی سندھ کے اضلاع میں سمندری طوفان کے اثرات ختم ہونے تک موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پاور منسٹر آئندہ چند دن ساحلی علاقوں میں 24 گھنٹے بجلی کے ترسیلی نظام کی نگرانی کریں۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سمندری طوفان بپرجوئے سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال پر جائزہ اجلاس کی اسلام آباد میں صدارت کی،سمندری طوفان بپر جوئے کے راستے اور ممکنہ ساحلی علاقوں سے ٹکراو پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے کہاطوفان کے پیش نظر نقل مکانی کرنے والے افراد کے کیمپس میں پینے کے صاف پانی و خوراک کا خصوصی انتظام کیاجائے،سمندری طوفان کے بعد بجلی کے ترسیلی نظام کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کی فوری مرمت کرکے بجلی کی بحالی یقینی بنائی جائے،وزیر اعظم نے سمندری طوفان بپر جوائے کے پیش نظر پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کمیٹی قائم کردی۔

وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن کی صدارت میں وزیر بجلی انجینئر خرم دستگیر ، وزیر غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، حکومت سندھ ، بلوچستان کے نمائندے، محکمہ موسمیات و این آئی ایچ کے نمائندے شامل ہوں گے،کمیٹی سمندری طوفان سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تسلسل کے ساتھ اپنی مشاورت جاری رکھے گی۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کمیٹی کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے عوام کو آگاہ رکھے،ساحلی علاقوں سے لوگوں کا مکمل انخلا یقینی بنایا جائے، وزیر اعظم نے ہدایت کی طوفان سے ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیراعظم نے کہا سمند ری طوفان بپر جوئے سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال سے سب ادارے مل کر نبردآزما ہوں گے۔