لاہور (اپنے رپورٹر سے)گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنر ہاﺅس لاہور میں ڈاکٹر ارنیسٹ فہیم بھٹی جنرل سیکرٹری امپلی میٹیشن مینارٹی رائٹس فورم کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے گورنر پنجاب کو ترکیہ میں زلزلہ زدگان کیلئے ریلیف سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستانی عوام کے دل آپس میں محبت اور اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا تو ترکیہ سمیت بہت سے دوست ممالک نے آگے بڑھ کر مدد کی۔ انہوں نے ترکیہ متاثریں کی امداد کے لئے امپلیمیٹیشن مینارٹی راائٹس فورم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے پاکستان کا نام فخر سے بلند کیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاشبہ پاکستانی قوم فلاحی کاموں کی وجہ سے دنیا میں ممتاز حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام قوموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ایدھی ایمبولینس سروس کو دنیا کی سب سے بڑی رضاکارانہ ایمبولینس سروس کا اعزاز حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں رضاکارانہ جذبے کو ابھارنے کی ضرورت ہے۔ جنرل سیکرٹری امپلی میٹیشن مینارٹی رائٹس فورم ڈاکٹر ارنیسٹ فہیم بھٹی نے حوصلہ افزائی کرنے پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تنظیم، رنگ ونسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔ دریں اثناءگورنر پنجاب بلیغ الرحمن آج ورلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کیلئے گورنر ہاﺅس لاہور میں لگائے گئے بلڈ کیمپ میں خون کا عطیہ دیں گے۔اس موقع پر گورنر ہاﺅس کا عملہ بھی خون عطیہ کرے گا۔ مصیبت،تکلیف اور جان لیوا بیماریوں میں گھرے ہوئے بچوں کے دکھوں کا مداوا کرنا کسی عبادت سے کم نہیں۔ ایسے بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ہمیں مل کر اس نیک مقصد اور اللہ کی رضا کے حصول کےلئے خون کے عطیات دینے چاہئیں۔ جو حضرات اس کار خیر میں شامل ہونا چاہتے ہیں وہ 03334211261 پر رابطہ کر کے بلڈ کیمپ میں خون کا عطیہ دے سکتے ہیں۔
ترکیہ اور پاکستان کے عوام محبت اور اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں :گورنر پنجاب



















