لاہور (خبرنگار)نگران وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم حسن مراد نے سیالکوٹ اور گجرات کا دورہ کر کے مقامی حکومتوں کے مختلف منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔ سیالکوٹ کے دورے میں ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر نگرانی پانچ ماہ کے دوران پنجاب میں گورننس کے نظام میں بہتری آئی ہے۔ ضلع سیالکوٹ میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے 11 ارب روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیمیں 2045 تک واٹر سپلائی، نکاسی آب سمیت دیگر شہری ضروریات کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہیں۔ بلدیاتی اداروں کی مضبوطی سے ہی نچلی سطح پر مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان نے میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، لوکل گورنمنٹ، پسپ کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پسپ کے تحت بعض منصوبوں میں تاخیر کا نوٹس لیا ہے۔ یقینی بنا رہے ہیں کہ تاخیر کا زیادہ سے زیادہ ازالہ ممکن ہو سکے۔ سیالکوٹ میں نئے فلائی اوور منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اٹھارہ ماہ کا یہ پراجیکٹ سات سے آٹھ ماہ میں مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ شہر خموشاں منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ نگران وزیر بلدیات نے کہا کہ یونین کونسل سے پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کے حوالے سے سرٹیفکیٹس کا بروقت اجرا شہریوں کا حق ہے۔ اس مقصد کیلئے جلد''آپ کی بلدیہ'' ایپ لانچ کر دی جائے گی جس کی ہیلپ لائن 1198 پر شہری اپنی معلومات درج کرائے گا اور اسے مطلوبہ کاغذات مل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں مفت آٹے کی فراہمی حکومت پنجاب کا اہم پراجیکٹ تھا۔ اگلے مرحلے میں مستحق افراد کےلئے کیش سکیم شروع کر رہے ہیں۔بعدازاں گجرات آمد پر نگران وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد کو ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر کمشنر گوجرنوالہ نوید حیدر شیرازی، آر پی او ڈاکٹر حیدر اشرف اور ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر ورک بھی موجود تھے۔ ابراہیم مراد نے ہدایت کی کہ شہریوں کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ بلدیاتی ادارے زیادہ سے زیادہ وسائل شہریوں کی فلاح پر استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بڑے شہر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی قائم ہونی چاہیے۔ پنجاب بھر میں مویشی منڈیوں کے تمام ٹھیکے میرٹ پر فراہم کئے گئے۔ مویشی منڈیوں کے ٹھیکے سے 5 ارب 68 کڑور روپے کی آمدن ہوئی۔ وزیر بلدیات نے یہ ہدایت بھی کی کہ گجرات میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے جامع پلان تشکیل دیا اور جاری منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔
ہر بڑے شہر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ہونی چاہیے: ابراہیم مراد



















