اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،خبر نگار،اپنے رپورٹر سے) وزیر اعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی، آرمی چیف نے وزیر اعظم کو پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر بریفنگ دی، 9 مئی کے واقعات پر قانونی کارروائیوں کے اقدامات ،ملک میں امن وامان کی صورتحال،داخلی سلامتی ، دہشتگردوں کےخلاف جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا، قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاون میں پنجاب کے بجٹ پر اجلاس ہوا ،نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے خصوصی طور پر شرکت کی،وزیراعظم شہباز شریف نے نگران حکومت اور سول بیوروکریسی کو بجٹ میں عوام کو دیلیف دینے اورترقیاقی منصوبے جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہاحکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی ، زراعت، سولر آئزیشن اور نوجوانوں کی ترقی پرخصوصی توجہ دے رہی ہے، بجٹ 24۔2023حکومتی ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے، اقتصادی خود انحصاری کا حصول حکومت کا بنیادی مقصد ہے،ہونہار نوجوانوں میں جدت ،کاروبار کی حوصلہ افزائی کرنا ،زراعت کی پیداوار بڑھانا اور زرعی صنعت میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے ،حکومت توانائی کے حصول کے سستے ذرائع اور شمسی توانائی پر منتقلی کیلئے کام کر رہی ہے ، سستی توانائی اقتصادی ترقی و عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے،روس سے خام تیل کا حصول بھی انرجی سکیورٹی پلان کا حصہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا داخلی و عالمی حالات کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باوجود بجٹ 24۔2023صورتحال سے نبرد آزما ہونے و آگے بڑھنے کا راستہ فراہم کرتا ہے،حکومت اقتصادی خود انحصاری پر توجہ دے رہی ہے ۔
وزیراعظم،آرمی چیف ملاقات،9مئی کے واقعات پر قانونی کارروائی واہم امور پر مشاورت



















