لاہور ( خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے وزیراعلیٰ شکایت سیل اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کا اچانک دورہ کیا، محسن نقوی نے شکایت سیل ،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ ،مانیٹرنگ یونٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا، بعض افسر اورعملہ دفتر میں موجود نہیں تھا ،ایئر کنڈیشنڈ چل رہے تھے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی عملے کی غیر حاضری پر سخت برہم ہوئے اورشکایت سیل کے سربراہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہاافسر و عملے کی غیرموجودگی میں ایئرکنڈیشنڈ چلانا قومی وسائل کاضیاع ہے،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ شکایت سیل میں سائلین سے فون پر گفتگو کی اور مسائل سنے، محسن نقوی نے سائلین کو مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
محسن نقوی نے کہا شکایت سیل میں شہریوں کے مسائل ایک ٹائم فریم کے اندر حل کئے جائیں اور شکایت سیل میں آنے والی ہر شکایت پر ہونے والی پیش رفت سے سائل کو آگاہ رکھا جائے۔
دریں اثنانگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا،”اب گاﺅں چمکیں گے“ پروگرام پر عملدرآمد کےلئے تجاویز کاجائزہ لیاگیا،پروگرام کے تحت پنجاب میں یونین کونسلز میں وارڈ زکی سطح پر صفائی کا نظام قائم کیاجائےگا، ہر گاﺅں میں سینٹری ورکرز صفائی ستھرائی کا کام کریں گے،کوڑا کرکٹ کو رکشے ،ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے آبادی سے باہر منتقل کیا جائے گا،ہر یونین کونسل میں چوکیدارنظام بھی متعارف کرایا جائے گا، یونین کونسل کے ہر وارڈ میں چوکیدار تعینات ہوگا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہروں کی طرز پر گاﺅں میں صفائی کا پائیدار سسٹم وضع کرنے کی ہدایت کی اور گاﺅں میں صاف پانی کی فراہمی و دیگر سہولیات یقینی بنانے کےلئے اقدامات پر زور دیا،علاوہ ازیںنگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ملتان ،فیصل آباد کے کمشنرز کو واٹرفلٹریشن پلانٹس جلد فنکشنل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی بند فلٹریشن پلانٹس مخیر حضرات کے تعاون سے فنکشنل کئے جائیں ،پلانٹس کی بحالی پر حکومتی خزانے سے ایک پائی بھی خرچ نہیں ہوگی۔
وزیراعلیٰ شکایت سیل کے سربراہ فارغ،یوسی سطح پر صفائی کا نظام قائم ،چوکیدارنظام متعارف کرائینگے،محسن نقوی



















