امریکہ کی یورینیم افزدوگی سے متعلق ایران کو سنگین نتائج کی دھمکی

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی اور ایرانی حکام نے گزشتہ ماہ عمان میں بالواسطہ بات چیت کی تھی جہاں واشنگٹن نے تہران کو سخت وارننگ دی تھی کہ اگر اس نے یورینیم کو 90 فیصد خالصتاً تک افزودہ کیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑےگا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاﺅس کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے مشرق وسطی کی پالیسی کوآرڈینیٹر بریٹ میک گرک، اور ایک ایرانی وفد جس میں ایران کے چیف جوہری مذاکرات کار علی باقری کانی بھی شامل تھے مئی کے اوائل میں عمان میں موجود تھے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ براہ راست ملاقات کرنے کے بجائے دونوں فریق الگ الگ مقامات پر رہے۔ اس دوران عمانی حکام پیغامات کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنے کےلئے ثالث کے طور پر کام کر رہے تھے۔ امریکہ کی طرف سے ایرانیوں کےلئے ایک اہم پیغام ڈیٹرنس پر مرکوز تھا جس میں واشنگٹن نے واضح کیا کہ اگر ایران نے90 فیصد تک یورینیم افزودہ کرنے کا انتخاب کیا تو اسے بھاری قیمت ادا کرنا پڑےگی۔ یاد رہے 90 فیصد یورینیم افزدوگی ایٹم بم بنانے کےلئے درکار ہوتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان بالواسطہ بات چیت کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام، خطے میں ایران کے طرز عمل اور یوکرین کے تنازعے میں اس کی شمولیت کے متعلق افہام و تفہیم تک پہنچنا تھا۔