بجٹ میں نوجوانوں کی ترقی کیلئے خصوصی رقم مختص کی جائے، وزیر اعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے آئندہ بجٹ میں پی ایس ڈی پی میں نوجوانوں کی ترقی کیلئے خصوصی طور پر رقم مختص کی جائے،نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت اور باوقار روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات شامل کئے جائیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بجٹ 2023-24کیلئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے تجاویز کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی،شہباز شریف نے ترقیاتی منصوبوں میں ملکی درآمدات کا متبادل فراہم کرنے، برآمدات بڑھانے و مختلف شعبوں کی جدت کے منصوبوں کو ترجیح دینے کی واضح ہدایات جاری کیں۔

شہبازشریف نے ہدایت کی آئندہ بجٹ میں پی ایس ڈی پی میں نوجوانوں کی ترقی کیلئے خصوصی طور پر رقم مختص ،نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم کیلئے پاکستان انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جائے،بجٹ میں باصلاحیت ، حسن کارکردگی کے حامل طلبا،طالبات کو آئی ٹی کے ہنر سے لیس کرنے کیلئے مفت لیپ ٹاپس کا پروگرام شامل کیا جائے،انڈومنٹ فنڈ سے نوجوانوں کو اعلیٰ و پیشہ وارانہ تعلیم اور آئی ٹی میں مہارت کی تربیت دی جائے گی، وزیر اعظم نے ہدایت کی وظائف و تعلیم کیلئے شفافیت و میرٹ کے عنصر کو کلیدی اہمیت دی جائے،بجٹ میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے منصوبے شامل کئے جائیں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کسان پیکیج کے تحت شروع کئے گئے منصوبے جاری رکھے جائیں،بجٹ میں قابل تجدید توانائی کے منصوبے شامل کئے جائیں،پن بجلی کے منصوبوں و توانائی کے شعبے کی جدت کیلئے بجٹ میں خصوصی رقوم مختص کی جائے،ترقیاتی منصوبوں کو شامل کرتے وقت صوبوں، متعلقہ شعبے کے سٹیک ہولڈرز اور اتحادی جماعتوں کو مکمل اعتماد میں لےکر تجاویز کو شامل کیا جائے۔