آئی ایم ایف، 6 ارب ڈالر کیلئے شرائط میں نرمی کی پاکستانی درخواست رد

اسلام آباد (مشرق نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کی درخواست مسترد کردی جس میں کہا گیا تھا کہ 6 ارب ڈالر کے نئے قرض کیلئے عائد شرائط میں نرمی کی جائے، یہ بات کابینہ کے ایک رکن نے جمعرات کے روز میڈیا کو بتائی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں ایک پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ پاشا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس اس وقت آئی ایم ایف کے پاس جانے کے سوا کوئی حل نہیں ہے۔ اجلاس کی صدارت قیصر شیخ کررہے تھے۔ڈاکٹر عائشہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے آئی ایم ایف سے درخواست کی تھی کہ وہ 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کیلئے دی گئی شرائط میں نرمی کرے تاہم ادارے نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے خود بھی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے بات کی تھی تاہم ادارہ پھر بھی راضی نہیں ہوا۔