بلوچستان میں دہشت گردوں کا سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ، 2 جوان شہید

کوئٹہ (مشرق نیوز) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے سنگوان میں پاک ایران سرحد پر سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے بڑا حملہ کیا، پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے دہشت گردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، فورسز نے دہشت گردوں کو کامیابی سے پیچھے دھکیل دیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید اہلکاروں میں 34 سالہ سپاہی حسنین اشتیاق کا تعلق ڈی جی خان اور 27 سالہ سپاہی عنایت اللہ جھل مگسی کے رہائشی تھے۔ سکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں فوری طور پر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا، دہشت گردوں کو سرحد پار فرار ہونے سے روکنے کیلئے ایرانی حکام سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن اور استحکام کی کوششوں کو سبوتاڑ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔