سانحہ9مئی برداشت نہیں،قوم ذمہ داروں کو معاف کریگی نہ ہی بھولے گی:آرمی چیف

راولپنڈی(بیورورپورٹ) آرمی چیف عاصم منیر نے کہا ہے جو کچھ 9مئی کو جو ہوا وہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ تکریم شہدائے پاکستان کے حوالے سے جنرل سید عاصم منیر نے پولیس لائن اسلام آباد کا دورہ کیا، انہوں نے اسلام آباد پولیس کے آفیسرز، جوانوں، پولیس کے شہدا کے لواحقین سے خطاب کیا،آرمی چیف نے کہا جو کچھ 9مئی کو ہوا وہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، شہدا ءکی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی اور ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا،وہ شہدا جنہیں اللہ رب العزت نے حیات جاوداں عطا فرما دی انکی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کرسکتا،انہوں نے مزید کہا پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے ،آرمی چیف نے کہا شہدا کے وارثین کو پیغام دینا چاہتا ہوں آج کے دن پاکستانی عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہیں اور کھڑی رہیں گی،پولیس لائن آمد پر چیف آف آرمی سٹاف کا انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے استقبال کیا،قبل ازیں یوم تکریم شہدائے پاکستان پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سکول کے بچوں سے غیر رسمی ملاقات کی، جنرل عاصم منیر نے سکولز اور شہدا کے بچوں کے سر پر دست شفقت بھی رکھا،اس موقع پر آرمی چیف نے کہا پاک فوج شہدا کے بچوں کی وارث ہے، شہدا کی لازوال قربانیوں کی بدولت آپ سے ہمارا رشتہ مثالی اور ہمیشہ قائم رہنے والا ہے،آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مزید کہا ہے پاک فوج ہمیشہ آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی،اس سے قبل یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو)میں مرکزی تقریب ہوئی، یوم تکریم شہدا کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی،تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی، تقریب میں مسلح افواج کے حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران نے شرکت کی،سابق آرمی چیف جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ندیم رضا اور دیگر ریٹائرڈ افسران بھی تقریب میں موجود تھے،چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، مفتی منیب الرحمان، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم، رضوان سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی یوم تکریم شہدا کی تقریب میں شرکت کی،تقریب میں موجود شہدا کے اہلخانہ اور سکول کے بچوں نے یادگار شہدا پر پھول رکھے،دوسری جانب پاکستان ائیر فورس، پاکستان نیول ہیڈ کوارٹرز، فارمیشن ہیڈکوارٹراورپولیس کی شہدا یادگاروں پر بھی تقریبات منعقد کی گئیں۔