ساہیوال (بےورو رپورٹ) پاکستان کی بقا اور سلامتی ان ہزاروں شہداءکی عظیم قربانیوں کی مرہون منت ہے جنہوں نے اپنی زندگی ملک پر نچھاور کر دی تاکہ عوام سکون کی نیند سو سکیں۔اپنے اسلاف کی قربانیوں کو بھولنے والی قومیں صفہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں اس لئے ہمیں چاہیے کہ بحیثیت قوم اپنے شہداءکی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں اور ان کی عزت و تکریم میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پولیس لائنز میں یوم تکریم شہداءکے موقع پر یاد گار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھاتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر آر پی او محبوب رشید ،ایڈیشنل کمشنر کو آر ڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر ،ڈی پی او فیصل شہزاد اور شہداء کے اھل خانہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔تقریب میں سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے اور شہداءکو منظوم خراج عقیدت پیش کیا -کمشنر شعیب اقبال سید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ساہیوال کی دھرتی نے سینکڑوں سپوت ملک کی حفاظت پر قربان کئے ہیں جن پر ہمیں ہمیشہ فخر رہےگا۔ انہوں نے کہا کہ شہداہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے اور ہم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکیں گے۔بعد ازاں کمشنر شعیب اقبال سید اور ایڈیشنل کمشنر کو آر ڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر نے کیپٹن (ر) عثمان شہید کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔ دریں اثناءیوم تکریم شہداءپر منعقدہ تقریب میں آر پی او کے خطاب نے رقت آمیز مناظر پیداکر دئیے،آر پی او خود بھی شہداءکی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں یوم تکریم شہداءکا آغاز پولیس لائنز میں یادگار شہداءپر سلامی سے ہوا،ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محبوب رشید نے بریگیڈیئر عارف ربانی،کرنل شہزاد کمشنر شعیب اقبال سید،ڈی پی او فیصل شہزاد و دیگر افسران کے ہمراہ یادگار شہداءپر سلامی دی،پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی،بعد ازاں مقامی ہال میں یوم تکریم شہداءکی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس سے میں افواج پاکستان اور پولیس کے شہداءکے خاندانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی،آر پی او محبوب رشید نے ہر شہید کی فیملی کو سلیوٹ کیا،تقریب میں اس وقت دلچسپ اور جزباتی صورتحال پیدا ہو گئی جب آر پی او ڈی آئی جی محبوب رشید شہداءکی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے نہ صرف خود آبدیدہ ہو گئے بلکہ ان کی حقائق پر مبنی گفتگو سے ہال میں موجود مردو خواتین کی آنکھیں بھی پرنم ہو گئیں۔آر پی او محبوب رشید نے کہا کہ ہم آج آزادی جیسی عظیم نعمت سے لطف اندوز ہو رہے ہیں تو یہ بھی شہداءکے مقدس خون کی مرہون منت ہے۔مادر وطن کے دفاع اور قانون کی حکمرانی کے لئے جام شہادت نوش کرنے والوں کے اپنے بچے تو یتیم ہو گئے لیکن ہمارے بچے آج اگر والدین کے سایہ عاطفت میں موجود ہیں تو یہ بھی شہداءکی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ملک دشمن قوتیں اپنے ناپاک عزائم میں آج تک ناکام ہیں اور پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے تو اس کی سب سے بڑی وجہ شہداءکی وہ لازوال قربانیاں ہیں جس پر تاریخ رشک کرتی ہے۔آر پی او محبوب رشید نے کہا کہ انسان کے لئے سب سے قیمتی چیز اس کی جان ہے لیکن شہدائے نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ثابت کیا کہ وطن عزیز کی مٹی اور قانون کی حکمرانی انہیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔آر پی او نے کہا کہ میں جب شہداءکے ورثا ءکو دیکھتا ہوں تو بے ساختہ احترام کرنے اور بار بار سلیوٹ کرنے کو دل کرتا ہے اور میں ایسا کرتا ہوں،ایسی ہر مغز اور فکر انگیز خطاب کرتے ہوئے آر پی او محبوب رشید خود بھی آ بدیدہ ہو گئے جبکہ شرکاءکی آنکھیں بھی نم دیدہ ہو گئیں آر پی او محبوب رشید نے کہا کہ شہداءان کے خاندانوں اور یادگاروں کا تقدس قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔شہداءکے تقدس کو پامال کرنے والے ہمیشہ قومی مجرم رہیں گے۔تقریب سے بریگیڈیئر عارف ربانی،کرنل شہزاد ،کمشنر شعیب اقبال،ڈی پی او فیصل شہزاد و دیگر نے بھی خطاب کیا اور شہداءکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ دوسری طرف پورے ملک کی طرح ساہیوال ڈویژن میں بھی مردم شماری کاکام مکمل ہو گیا ہے ،ذرائع نے بتایا ہے کہ غیر سرکاری اعدادو شمار کے مطابق ڈویژن کی آبادی 86لاکھ5ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل ہے جو 2017کی آبادی 73لاکھ75ہزار سے2.62فی صد زائد ہے۔ مردم شماری کےلئے ڈویژن کو 8مردم شماری ڈسٹرکٹس اور 6551بلاکس میں تقسیم کیا گیا ،اعدادو شمار کے مطابق ضلع ساہیوال کی آبادی 28لاکھ95ہزار ،ضلع اوکاڑہ کی 35لاکھ46ہزار اور ضلع پاکپتن کی آبادی 21لاکھ63ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے -کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے مردم شماری کا کام قومی ذمہ داری سمجھ کر سر انجام دینے پر تمام شمار کنندگان اور سپروائزر کی خدمات کو سراہا اور کہا ہے کہ درست اعدادوشمار سے ہی مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر منصوبہ بندی کی جا سکتی ہے جس سے عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ ساہیوال ہزاروں سال پرانی وادی سندھ کی تہذیب کا وارث شہر ہے جس کی تعمیر و ترقی اور یہاں کے باسیوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کااولین مشن ہے ،اس مشن کی تکمیل میں وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیاجا رہا اورپوری توجہ سے پسپ پروگرام سمیت جاری ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل ہو رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں امریکی قونصل جنرل لاہور ولیم میکانیول کی سربراہی میں ملنے والے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف کتھیلین گیبیلسکو اور اکنامک سپیشلسٹ آمنہ انیس بھی شامل تھیں۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ ساہیوال ڈویڑن زراعت اور لائیو سٹاک خصوصاساہیوال نسل کی گائے سے پوری دنیا میں جانا جاتا ہے جس کو مزید فروغ دینے کے لئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں -کمشنر شعیب اقبال سید نے مزید بتایا کہ 5 ہزار سال پرانے ہڑپہ کے آثار قدیمہ کی سیاحت کے فروغ کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں تاکہ دنیا کو اس عظیم تہذیب سے روشناس کرایا جاسکے -امریکی قونصل جنرل ولیم میکانیول نے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھر پور کردار ادا کیا ہے اورمستقبل میں بھی پاکستانی عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لئے کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے ساہیوال کے دورے کو پنجاب کے عوام سے براہ راست رابطے کی ایک کڑی قرار دیا اور کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی ذاتی دلچسپی سے مکمل کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے علاقے کے عوام کے دیرینہ مسائل حل ہونگے اور ان کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔
پاکستان کی بقاءاور سلامتی شہداءکی عظیم قربانیوں کی مرہون منت ہے :کمشنر ساہیوال



















