صحافیوں و سیاسی جماعت کے ترجمان میں فرق کرنا ہوگا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے صحافیوں اور سیاسی جماعت کے ترجمانوں میں فرق کرنا ہوگا جو صحافی سیاسی جماعتوں میں شامل ہو جائے وہ صحافی کے حقوق کا دعویٰ نہیں کر سکتا،ان خیالات کااظہار انہوں نے برطانوی صحافی سکندر کرمانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہاکسی ایک صحافی کا نام بتائیں جو اتحادی حکومت میں لاپتہ ہو، گولی ماری گئی ہو، اغواءکیا گیا ہو یا پسلیاں توڑی گئی ہوں، صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا عمران ریاض صحافی نہیں، سیاسی جماعت کا ترجمان ہے جو صحافی سیاسی جماعتوں کی ترجمانی کرے یا تشدد کو ہوا دے تو اسے صحافیوں کےساتھ نہ ملایا جائے جو آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہوں۔


ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا عمران خان کو اپنے دور میں عالمی صحافتی تنظیم نے میڈیا پریڈیٹر کا خطاب دیا جبکہ شہباز شریف کے دور میں پاکستان کے میڈیا فریڈم انڈیکس میں 7درجے بہتری آئی، عمران خان نے اپنے دور میں صحافیوں کو گرفتار کرایا، آواز ،چلتے پروگرام ،ٹی وی چینلز بند کئے جبکہ اتحادی حکومت کے دور میں تمام ٹی وی چینلز چل رہے ہیں، ہر اینکر کو بات کرنے کی آزادی ہے، کسی آواز کو نہیں دبایا گیا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہاعمران ریاض کےخلاف کیسز عدالتوں میں یر سماعت ہیں،حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، ملک میں آزادی صحافت کے فروغ کی وجہ سے ہی میڈیا فریڈم انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی بہتر ہوئی ۔