ایشیاکپ :نئے ہائبرڈ ماڈل اور 4 ممالک کی ہاں سے بھارت مشکل میں
لاہور (مشرق نیوز) ایشیا کپ کے نئے ہائبرڈ ماڈل اور 4ممالک کی ہاں نے بھارت کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کے ایشیا کپ اور ورلڈکپ کے حوالے سے سخت موقف نے بھی بھارت کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق اے سی سی کے سربراہ اور بھارتی بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کےلئے فیصلہ مشکل ہوگیا ہے، نجم سیٹھی سے ملاقات کرنے والے اے سی سی کے نائب صدر نے جے شاہ کو تمام تر تفصیلات سے آگاہ کر دیا ہے۔4ممالک کی رضامندی کے بعد جے شاہ کےلئے آپشنز بہت کم رہ گئے ہیں، بھارت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی کیلئے پاکستان کے ورلڈکپ کیلئے بھارت آنےکی شرط رکھ سکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ہا ئبرڈ ماڈل کے مشروط ہونے پر حکومت سے مشاورت کرےگا، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال اور افغانستان ہائبرڈ ماڈل کے پہلے مرحلے کےلئے پاکستان آنے پر رضامند ہیں، دوسرے مرحلے کیلئے دبئی اور سری لنکا پر ڈیڈلاک ہے، پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک سری لنکا میں انعقاد کے حامی ہیں۔ ذرائع کے مطابق جے شاہ بی سی سی آئی کی سپیشل میٹنگ کے موقع پر عہدیداران سے ایشیا کپ پر بھی رائے لے سکتے ہیں، جے شاہ کی آئی پی ایل میں مصروفیات کے باعث ایشیا کپ اور ورلڈکپ کے معاملات التوا کا شکار ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کے حوالے سے فیصلے کا منتظر ہے، پی سی بی آئندہ ہفتے کے دوران ایشیا کپ کے حتمی فیصلے کےلئے پرامید ہے۔ ایشیا کپ کے فیصلے کے بعد پاکستان ورلڈکپ کے حوالے سے فیصلہ کرےگا، پاکستان نے بھارت میں ورلڈ کپ کھیلنے کا تاحال کوئی گرین سگنل نہیں دیا اور نہ وینیوز پر ہاں کہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہائبرڈ ماڈل میں 4 میچز پاکستان میں ہوں گے، وینیو لاہور ہونے کا امکان ہے، پاکستان اور نیپال کا پہلا میچ ہوگا، ایونٹ ستمبر کے پہلے ہفتے میں شروع ہو گا، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں اپنے گروپ کے تین میچز پاکستان میں کھیلیں گی۔



















