سرچ آپریشن پر ڈیڈلاک،حکومتی ٹیم نے عمران کو دہشتگردوں کی فہرست تھمادی

لاہور(خبر نگار،کرائم رپورٹر،کورٹ رپورٹر)مذاکرات بے نتیجہ،عمران خان نے زمان پارک میں سرچ آپریشن کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ،فرار ہونےوالے مزید6دہشتگرد گرفتارجبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے جناح ہاﺅس حملے سے ملک کی بدنامی ہوئی،مذمت کرتا ہوں۔

عمران خان کی رہائش گاہ کی تلاشی لینے کےلئے مذاکرات کی غرض سے کمشنر لاہور کی سربراہی میں پولیس و دیگر سرکاری افسروں پر مشتمل ٹیم زمان پارک پہنچی اور وارنٹ دکھائے، حکومتی ٹیم میں ڈی سی او لاہور رافعہ حیدر، ڈی آئی جی آپریشنز صادق علی ڈوگر اور ایس ایس پی صہیب اشرف شامل تھے۔

حکومتی ٹیم نے کور کمانڈر ہاو¿س سمیت فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث2200 دہشتگردوںکے نام اور حملوں کے ثبوت عمران خان کو دئیے، براہ راست ملوث پی ٹی آئی قیادت کی تفصیل بھی بتائی،حکومتی ٹیم نے موقف اختیار کیا فرارہوتے متعدد دہشتگردوں کوپکڑا اورمتعدد شرپسندوں کو بھگایا گیا ۔

عمران خان نے پولیس ،انتظامیہ کوزمان پارک میں سرچ آپریشن دینے سے انکار کرتے ہوئے شرائط رکھ دیں،شرائط کے مطابق 5سے زیادہ لوگ زمان پارک میں سرچ آپریشن نہیں کریں گے،خواتین بھی سرچ آپریشن ٹیم میں شامل ہوں،زمان پارک کے اطراف سے تمام ناکے ختم کیے جائیں۔

نگران وزیراطلاعات پنجاب عامرمیرنے کہا عمران خان کیساتھ کمشنرلاہور نے مذاکرات کیے،کچھ طے نہیں پایا،شرائط رکھنے پر ڈیڈلاک ہے،مطلوب دہشت گردوں کے نام فراہم کردئیے،عامرمیرنے مزید کہا اپریل کے آخری ہفتے عمران خان نے میٹنگ میں ٹارگٹ سیٹ کیے ، پی ٹی آئی کے گرفتارلیڈربھی ساراملبہ عمران خان پرڈالتے ہیں۔

زمان پارک سے کوئی دودھ والا تو کوئی اخبار والا بن کر باہر نکلا،پہلے8اورپھر6بندے مختلف روپ دھارکرباہرنکلے،تمام لوگ کورکمانڈرہاﺅس حملے میں شریک تھے،گرفتار کرلیا،گرفتاردہشتگردوں کی موبائل لوکیشن عسکری ٹاورکی آئی تھی،عمران خان کو بتایا 2200 افراد مطلوب ہیں، حسان نیازی، زبیر نیازی، مراد سعید، اعظم سواتی، حماد اظہر بھی مطلوب افراد میں شامل ہیں، ملزموں کی جیو فینسنگ کی گئی، زمان پارک کی لوکیشن سامنے آئی، حکومتی ٹیم کےساتھ مذاکرات میں عمران خان نے تسلیم کیاجن شرپسندعناصر کے نام دئیے گئے وہ پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں ،لوگوں کوبازیاب نہیں کراسکتا،چھپ گئے ہیںمیرے سے کوئی رابطہ نہیں۔

نگران وزیراطلاعات نے کہاعمران خان کے گھرمیں میڈیا کا کوئی بندہ نہیں گیا، صحافیوں کوگھرکی چھت اورگیراج ودیگرحصے دکھائے گئے،عمران خان چاہتے تھے4لوگ آئیں اورتلاشی لے لیں،سرچ آپریشن کیلئے ہفتے کو کوئی وقت طے کیا جائے گا، اندھیرے میں دہشتگردوں کوتلاش نہیں کیا جاسکتا۔

ادھر عمران خان کے سکیورٹی انچارج افتخار گھمن نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا یقین دہانی کرائی ہے جب مرضی آئیں، عدالت کا آرڈر ساتھ لے آئیں، سرچ آپریشن کرنے کےلئے تعاون کریں گے جب ٹیم خان صاحب کے گھر آئی تو دروازے کھول دیئے،ہوسکتا ہے انٹیلی جنس اطلاعات حکومتی ٹیم کے پاس ہوں، ٹیم کو محسوس ہوا ابھی ایسا کچھ نہیں۔

بعد ازاں حکومتی کمیٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ملاقات کی اور بات چیت سے آگاہ کیا،نگراں وزیر اعلیٰ نے زمان پارک کے باہر پولیس ناکہ بندی ختم کرنے کے احکامات جاری کردئیے،محسن نقوی نے کہاوعدے کے مطابق زمان پارک انتظامیہ زمان پارک میں تجاوزات ختم کرے، عملدرآمد ہوتے ہی پولیس ناکہ بھی ختم کردیا جائے گا،ضلعی انتظامیہ زمان پارک کو اصل شکل میں فوری بحال کرے، زمان پارک کے رہائشی پہلے ہی بہت مشکلات برداشت کرچکے ہیں۔

دریں اثناءچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہامجھے2200نہیں 8 لوگوں کے نام بتائے گئے،میں نے کہاکور کمانڈر ہاوس میں پی ٹی آئی کا جو بھی ملوث تھا بتائیں خود کہیں گے پکڑو اور سزائیں دو،کبھی اپنے احتجاج کے اندر لوگوں کو کسی قسم کے انتشار کی اجازت نہیں دی ،لڑکوں کو اٹھایا جا رہا ہے، کوئی پتہ نہیں کیوں اٹھایا جا رہا ہے، صرف اس لیے تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، پکڑ کر جیل میں ڈال دیتے ہیں، باہر آتا ہے تو ایک دم پولیس اٹھاتی ہے کوئی اور ایف آئی آر کرکے پھر جیل میں ڈال دیتے ہیں،پیغامات آرہے ہیں کئی کو کھانا نہیں دیا جا رہا،جانوروں کی طرح رکھا ہوا ہے،وکیل کوشش کر رہے ہیں لیکن اتنی تعداد میں اٹھایا گیا کہاں تک پہنچیں گے جب پارٹی کا ووٹ بینک 70 فیصد ہوتو کیا فرق پڑتا ہے کون آئے اور کون جائے۔

عمران خان نے کہا لوگوں کو خوف کے ذریعے غلام بنانے کی کوشش ہو رہی ہے، مجھے عمران ریاض پر خوف آرہا ہے، عدالت بار بار کہہ رہی ہے پیش کرو لیکن پیش نہیں کیا جا رہا ،مجھے خوف ہے شاید زندہ بھی نہ ہو،سارے لوگ کھڑے ہیں، میں سنتا ہوںکسی اور نے پی ٹی آئی چھوڑ دی، مجھے شکلیں دیکھ کر ترس آتا ہے، کس طرح کا دباو ڈالا جا رہا ہے،پارٹی ختم نہیں ہو رہی بلکہ لوگوں کا غصہ بڑھ رہا ہے اور پارٹی کا ووٹ بینک بڑھتا جا رہا ہے۔

زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہامجھے کالیں آ رہی ہیں، بیچارے لوگ چھپے ہوئے ہیں، ایسا پاکستان کیا دنیا میں کہیں نہیں ہوتا،حکومت پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ،میرے اوپر اب تک 150 کیسز ہوگئے،انتظامیہ سے ملاقات ہوئی،اس وقت پی ٹی آئی کا ہر آدمی مطلوب ہے،میں نے کہا اندر آکر دیکھیں کوئی مطلب شخص نہیں پھر انہوں نے کہاپورے گھر کی تلاشی لینا چاہتے ہیں اگر آپ مطلوب شخص یا دہشتگردوں کو ڈھونڈنے آرہے ہیں تو میرے گھر کی تلاشی کی کیا ضرورت ہے،انتظامیہ کی ٹیم پورے گھر کی تلاشی لینا چاہتی تھی، میں نے اجازت نہیں دی۔

قبل ازیں انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاجناح ہاﺅس حملے سے ملک کی بدنامی ہوئی،مذمت کرتا ہوں، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا،7ہزار لوگوں کوگرفتار کرکے پی ڈی ایم خود پھنس گئی ،35برسوں میں ایسا ریاستی ظلم نہیں دیکھا، صرف عدلیہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ کر رہی ہے،اتنے ووٹ بینک رکھنے والی جماعت میں کسی کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا،آخری گیند تک لڑنے والا کپتان ہوں، آخری گیند تک لڑوں گا، میڈیا کو اپنا گھر کھول کردکھا دیا، دہشتگردوں کے ٹھہرنے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ، پی ڈی ایم کے اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے صرف ملک کی بدنامی ہوئی، خوف کی فضا میں ملک نہیں چل سکتا،مزید برآںپولیس نے زمان پارک سے فرار کی کوشش میں مزید 6 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا،سی سی پی او لاہور بلال صدیق نے زمان پارک سے فرار کی کوشش میں مزید 6 دہشتگردوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہادہشتگردوں میں سے4 عسکری ٹاور اور 2کورکمانڈرہاوس حملے میں ملوث تھے۔


اپنی ٹوئٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہرگز نہیں جھکیں گے، بھیڑ بکریاں نہیں انسان ہیں،بدترین کریک ڈاون اور ملک میں قائم دہشت کے راج کی زد میں تحریک انصاف اور سپورٹرز ہیں ایسا مظاہرہ تو مشرف ،ضیاءکے مارشل لاءادوار میں بھی نہیں کیا گیا۔

قبل ازیں انسداد دہشتگردی لاہور کی عدالت نے جناح ہاوس حملہ کیس سمیت 3 مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلیااور شامل تفتیش ہونے کاحکم دےدیاجبکہ زمان پارک جلاو گھیراو اور ظل شاہ قتل کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو 2 جون کو سنایا جائے گا