مذمتی قرارداد منظور،سانحہ 9مئی کے ذمہ داروں کو قرارواقعی سزا دی جائے،پیپلز پارٹی


اسلام آباد ( بیورو رپورٹ)سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلاول ہاوس کراچی میں پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ہائبرڈ اجلاس میں 9 مئی کے واقعات پر مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا پیپلزپارٹی 9 مئی کو ملک کے مختلف شہروں میں پیش آنےوالے واقعات کی پرزور اور بھرپور مذمت کرتی ہے، قرار داد میں سرگودھا میں یادگار شہداءکو نقصان پہنچانا، جناح ہاوس کو نذرآتش کرنا، دیر میں ایف سی قلعے میں توڑ پھوڑ کرنا، مردان میں کرنل شیر خان کے مجسمے کو توڑنا، سوات موٹر وے ٹول پلازہ کو جلانا، راولپنڈی کے میٹرو سٹیشن ، پشاور کے ریڈیو سٹیشن کو خاکستر کرنا، پشاور میں چاغی ماڈل،ایدھی ایمبولینس کو تباہ کرنا، کراچی میں مسافر بسوں کو نذرآتش کرنا ،ملک بھر میں نجی، سرکاری و فوجی املاک اور حساس تنصیبات پر حملوں کو ریاست پاکستان کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف قرار دیا گیا۔

پیپلزپارٹی کو دہائیوں تک سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا تاہم پی پی نے اپنی لیڈرشپ کی ہدایات کی پیروی کرتے ہوئے کبھی تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا، شہید ذوالفقار بھٹو کا عدالتی قتل ہوا، میر شاہنواز بھٹو ،میر مرتضی بھٹو کو شہید کیا گیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو لہولہان کردیا گیا مگر پیپلزپارٹی نے سب کے باوجود پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا جو تمام جماعتوں کے سیاسی کارکنوں کےلئے روشن مثال ہے۔

قرار داد میں پی ٹی آئی دور حکومت میں سابق صدر آصف زرداری کی اسیری ،پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور کی نصف شب کو ہسپتال سے جیل منتقلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیاکسی بھی سیاسی جبر کے نتیجے میں پیپلزپارٹی نے ملک واداروں کےخلاف کبھی جتھہ بندی نہیں کی، قرار داد میں مطالبہ کیا گیا 9مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لاکر قرارواقعی سزا دی جائے۔