ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے : ڈاکٹر جمال ناصر

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر جمال ناصر کا تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی کا دورہ، ہسپتال کی لیبارٹری کو 24/7فنکشنل رکھا جائے، صوبائی وزیر کی ہدایات، لیبارٹری میں صفائی اور ٹیسٹوں کے ریکارڈ کیپنگ کے عمل کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق نگران صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے طبی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کی مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر کاظم حیات وتھرا کی بھی خدمات کو سراہا۔انہوں نے ہسپتال کے واش رومز میں صفائی کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ واش رومز میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال آنےوالے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اوراس حوالے سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال دورے کے دوران کچھ ڈاکٹرز اور عملے کا اوورآل نہ پہننے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر کاظم حیات وتھرا نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کے رش کے پیش نظر ادویات کے بجٹ کو بڑھایا جائے اور عملے کی کمی کو پورا کیا جائے تاکہ دوردراز علاقوں سے آنےوالے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری سکیموں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لئے فنڈز کا اجراءیقینی بنایا جائے تاکہ انہیں بروقت مکمل کیا جا سکے۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس انجم، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمجید نیازی اور ایم ایس ڈاکٹر کاظم حیات وتھرا بھی ان کے ہمراہ تھے جنہوں نے صوبائی وزیر کو یقین دلایا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کےلئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھی جائےگی۔