یاسمین راشد کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ، پولیس لائن ہسپتال منتقل

لاہو ر( کورٹ رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاﺅس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ سنا دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت نے یاسمین راشد کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی، عدالت نے یاسمین راشد کو آج تک پولیس لائن ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دےدیا، عدالت نے تفتیشی افسر سے متعلقہ ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر مکمل میڈیکل رپورٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ لیکر آئیں ، مجسٹریٹ کے فیصلے کے مطابق یہ جسمانی ریمانڈ کےلئے فٹ نہیں ہیں ، ہسپتال کی ڈسچارج سلپ کے بغیر جسمانی ریمانڈ نہیں دیاجا سکتا۔قبل ازیں رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا ،ایڈمن جج عبہر گل خان نے جناح ہاﺅس میں جلا گھیرا، توڑ پھوڑ اور کارسرکار میں مداخلت کے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے استفسار کیا کہ ان کو کہاں سے گرفتار کیا گیا، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ انہیں سنٹرل جیل کے باہر سے گرفتار کیا ہے، عدالت نے تفتیشی افسر سے پوچھا کیا ان کا میڈیکل کروایا ہے، تفتیشی افسر نے جواب دیا جی ان کا میڈیکل کرایا ہے اور ہسپتال نے ان کو ڈسچارج کر دیا ہے۔تفتیشی افسر نے عدالت سے ڈاکٹر یاسمین راشد کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ انکی ایسی صحت میں ریمانڈ کیسے دے دوں، تفتیشی افسر نے جواب دیا ڈاکٹروں نے ان کو رات کو ڈسچارج کر دیا تھا۔بعد ازاں عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔واضح رہے کہ رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف جناح ہاﺅس میں توڑ پھوڑ، جلا گھیرا اور کارسرکار میں مداخلت کے مقدمہ میں تھانہ سرور روڈ میں درج کیا گیا ہے۔