عدلیہ ،پی ٹی آئی گٹھ جوڑ کی فلم مزید نہیں چلے گی اب حکومت اپنا ٹریلر چلائے گی،شیری رحمن

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی وزیر شیری رحمن نے کہا ہے عدلیہ ،تحریک انصاف کا گٹھ جوڑ بن چکا، فلم مزید نہیں چلے گی اب حکومت بھی اپنا ٹریلر چلائے گی، عدل کا جھکاو واضح نظر آرہا ہے، کسی کے ساتھ لاڈلہ پن مزید برداشت نہیں کریں گے ،اپنے حق کےلئے بھرپور آواز اٹھائیں گے اب کسی کو کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔

عمران خان اور تحریک انتشار نے ملک کو نقصان پہنچایا، شرپسندوں نے ملک کو مفلوج کرنے کی کوشش کی، ملکی ساکھ کو داو پر لگایا ،عمران خان خود کو ریاست و قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، عمران نیازی کی پشت پناہی کی جارہی ہے،جتھوں کےخلاف ہر صورت کارروائی کی جائے گی، ان خیالا ت کا اظہارانہوں نے فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

شیری رحمن نے مزید کہاعدالت کی جانب سے عمران نیازی کی سہولت کاری کرکے تمام سہولیات فراہم کی گئیں،نیازی ملک کا استحکام داو پر لگا رہے ہیں ،عمران نیازی عدالت کے لاڈلے بنے ہیں ،ہمارے ساتھ عدالتوں کا رویہ یکسر تبدیل ہو تا ہے،فریال تالپور کو چاند رات کو بتربند گاڑی پر لے کر جایا گیا ،زرداری صاحب نے اپنی بیوی کی شہادت پر بھی ملک کو ترجیح دی،عمران خان چاہتا ہے یہ نہیں تو ملک بھی نہ بچے ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبے گے،عدلیہ میں سہولت کار بیٹھے ہیں،حکومت کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی ۔