ہنگامہ آرائی کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کااعلان،شرپسند عبرتناک انجام سے نہیں بچ سکتے،محسن نقوی


لاہور (خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا،جناح ہاوس،عسکری و سول تنصیبات میں تھوڑ پھوڑ وجلاو گھیراو کے افسوسناک واقعات کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا،جے آئی ٹی واقعات کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تمام شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا توڑ پھوڑ والے تمام مقامات کی جیو فینسنگ کرائی جائے گی، شرپسندوں کےخلاف تمام کیس انسداد دہشتگردی عدالت میں چلائے جائیں گے۔

محسن نقوی نے محکمہ پبلک پراسیکیوشن کو تمام کیسوں کا فوری ٹرائل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کسی گناہ گار کو چھوڑیں گے نہیں اوربے گناہ کوپکڑیں گے نہیں،شواہد وثبوتوں کےساتھ ہر شرپسند کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، جناح ہاﺅس، عسکری، سول و نجی املاک پر حملہ کرنے والے عناصر عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے، شرپسندوں کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے،پیر کو تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں گے،صورتحال میں بہتری آرہی ہے،عوامی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

دریں اثنا اپنی ٹوئٹ میںنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پاک فوج کےساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا جو بھی شخص پاک فوج اور جرنیلوں کے خلاف بیان دے رہا ہے وہ ریاست پاکستان کا دشمن ہے،ریاست مخالف پروپیگنڈے کوبرداشت کریں گے نہ جھکیں گے، پاک آرمی زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔

مزید برآںنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں دہشتگردوںکےخلاف آپریشن کے دوران شہید جوانوں کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا سکیورٹی فورسز کے جوانو ںنے اپنی جانیں دےکر دہشت گردوںکے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور جہنم واصل کیا،پاک وطن کے بہادر سپوتوں نے شہادت کا بلند رتبہ پایا، قوم شہداءکی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتی۔