پاکستان سمیت کسی ملک میں کوئی پسندیدہ امیدوار یا جماعت نہیں، امریکہ

واشنگٹن (خواجہ فاروق)امریکہ نے کہا ہے پاکستان سمیت کسی ملک میں کوئی پسندیدہ امیدوار یا جماعت نہیں، جمہوری اقدار، اصولوں کی پاسداری و قانون کا احترام دیکھنا چاہتے ہیں،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدنت پٹیل نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاپاکستان کے حالات کی نگرانی کر رہے ہیں،مضبوط جمہوری پاکستان امریکہ کے مفاد میں ہے۔

پاکستان کےساتھ کئی معاملات پر بات چیت جاری ہے،انسانی حقوق،میڈیاکی آزادی کا معاملہ پاکستانی ہم منصبوں کےساتھ اٹھایا ،پہلے ہی کہہ چکے کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت پر پوزیشن نہیں رکھتے، پوری دنیا میں جمہوری اقدار کی عزت و قانون کی حکمرانی کا مطالبہ کرتے ہیں،پاکستان ہی کیا دنیا کے کسی ملک میں کوئی پسندیدہ امیدوار یا پسندیدہ جماعت نہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا آزاد میڈیا بہتر جمہوری معاشرہ تشکیل دیتا ہے، انٹرنیٹ رابطوں کا اہم ذریعہ ہے،انٹرنیٹ لوگوں کی معلومات تک رسائی کو ممکن بناتا ہے۔

دوسری جانب امریکی سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین باب مینڈیز نے پاکستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا حالات کو معمول پر لانے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، باب مینڈیز نے پاکستان میں انٹرنیٹ کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا انٹرنیٹ کی بندش عوام کو معلومات تک رسائی کے بنیادی حق سے محروم رکھنے کے مترادف ہے،پاکستان کی صورتحال پر سخت تشویش ہے، حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں کی حمایت کریں گے۔