چین میں پاک بحریہ کے جدیدجنگی جہازوں کی پروقار کمشننگ تقریب ،نیول چیف کی شرکت
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاک بحریہ کیلئے تعمیر کردہ دو جدیدجنگی بحری جہازوں پی این ایس ٹیپو سلطان اور پی این ایس شاہجہان کی پ±روقار کمشننگ تقریب چین کے ہڈونگ ژونگوا شپ یارڈ شنگھائی میں منعقد کی گئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور روایتی کمانڈ سکرولز جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز کی حوالے کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحرنے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پی این ایس ٹیپو سلطان اور پی این ایس شاہجہان کی کمشننگ پاک چین دوستی میں ایک نئے باب کا آغازہے جو اعتماد، احترام اور باہمی تعاون کے ستونوں پر مضبوطی سے قائم ہے اور یہ ہمارے دفاعی تعاون سے ظاہر ہے۔ امیر البحر نے مزید کہا کہ عوامی جمہوریہ چین کے تعاون سے پاک بحریہ نے اپنی قوت اور صلاحیتوں میں اضافے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں۔ مہمان خصوصی نے واضح کیاکہ ٹائپ A/P-054 راجیکٹ کی تکمیل سمندری خطرات کا جواب دینے اور خطے کے امن و استحکام میں کردار ادا کرنے کی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔نیول چیف نے وبائی چیلنجز کے باوجود منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے BOMETEC، SASTIND، چینی بحریہ،ہڈونگ ژونگوا شپ یارڈ اور CSTC سمیت بحری جہازوں کی تعمیر میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔ پاکستان اور چین کے درمیان پاک بحریہ کیلئے چارملٹی رول فریگیٹس (ٹائپ A/P-054 ) کی تعمیر کا معاہدہ 2018 میں ہوا تھا جس کے تحت پہلے دو بحری جہازپی این ایس طغرل اورپی این ایس تیمور 2022 میں پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل ہوئے۔ان جہازوں کی تعمیر جدید سٹیلتھ ڈیزائن پرکی گئی ہے جس میں سمندری خطرات سے نمٹنے کیلئے بیک وقت متعدد بحری آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت موجود ہے۔4000 ٹن وزنی یہ جہاز تکنیکی طور پر جدید اور انتہائی قابل پلیٹ فارم ہیں جن میں سطح سے سطح، زمین پر حملہ، سطح سے ہوا اور زیر آب حملہ کرنے کے ساتھ ساتھ نگرانی کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔ یہ بحری جہازسمندری تجارتی گزرگاہوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ڈیٹرنس اور خطے میں خطرات سے بچاو¿ کیلئے کردار ادا کریں گے۔ چین میں تعینات پاکستان کے سفیر اور ہڈونگ ژونگوا شپ یارڈ کے حکام سمیت اعلیٰ سول اورعسکری شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔



















