حکومت اور اپوزیشن ملکر مہنگائی کے خاتمے کیلئے منصوبہ بندی بنائیں :شہریوں کی دردمندانہ اپیل

لاہور (اپنے نمائندے سے) شہریوں نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی خراب صورتحال اور گرفتاریوں سے عوام کو کیا فائدہ، حکومت اور اپوزیشن مہنگائی کے خاتمے پر منصوبہ بندی اختیار کرے اور جمہوری قدروں کا خیال کرتے ہوئے عوامی مسائل کے حل پر اپنا کردار ادا کریں۔ اقتدار کے حصول کی خاطر عوامی منڈیٹ کا احترام کرنے کی بجائے ذاتیات کی لڑائی چل رہی ہے جس سے عوام اور ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہے ۔شہری اسلام اللہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے روئیے سے ملک اور عوام کا نقصان ہو رہا ہے، ایک دوسرے کےخلاف سیاسی جنگ کی بجائے ذاتی کردار کشی کی جا رہی ہے ایوانوں میں بیٹھ کر ملک اور قوم کی بات اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی بات کرنے کی بجائے حکومت اپوزیشن اور اپوزیشن حکومتی نمائندوں کی کرپشن کی کہانیاں سنا رہے ہیں ہمیں مہنگائی سے نجات چاہیے ان کی کرپشن کی داستانیں سننے کو نہیں چاہیے۔ شہری انیس ،احمد حسن اوراکرم کا کہنا ہے کہ سیاسی گرفتاریوں سے ملک کے معاشی حالات خراب اور بین القوامی برادری میں رسوائی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو رہا ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز دیکھنے میں نہیں آرہی مہنگائی میں یومیہ کی بنیاد پر اضافہ نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی بجائے عوام کو مہنگائی سے نجات دلائی جائے ایاز محمود ،سلطان گجر ،آصف رزاق ،شیخ طلعت اور دیگر نے ملک میں خراب سیاسی صورتحال اور آئے روز سیاسی شخصیات کی گرفتاریوں سے پیدا ہونے والے مسائل پر کہا کہ اس طرح کی صورتحال کو اگر جمہوریت کا نام دیاجائے تو دنیا کا سب سے بڑا مزاق اس کے علاوہ کوئی نہیں ایسی جمہوریت سے بہتر ہے آمریت آجائے کم از کم امن تو قائم ہو اور آرام سے زندگی گزار سکیں ایک طرف سیاسی جماعتوں کی آپسی لڑائی اور دوسری طرف مہنگائی کا عذاب عوام کا سکون برباد کر دیا گیا ہے۔ ایک عرصہ گزر گیا ہے حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کسی عوامی مسائل کو حل کرنے کی خاطر کوئی اقدام کرنے کی منصوبہ بندی پر بات کی گئی ہو فوج کو چاہیے ہمیں اس نااہل جمہوری لیڈروں سے نجات دلائیں، سب سیاسی جماعتوں کو خود سے ہی ملک فوج کے سپرد کرکے اپنے ذاتی کاروبار میں مصروف ہو کر ملک اور قوم پر رحم کرے ماضی اور حال میں بھی سیاسی جماعتوں کا ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی منصوبہ بندی اپنائی جا رہی ہے، اس میں عوام اور ملک کو کوئی فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہے ۔