اسلام آباد (مشرق نیوز) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے وزیر دفاع کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف کس کی بولی بول رہے ہیں؟ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 14 مئی کے انتخابات کیلئے ہم تیار ہیں، انتخابات سے فرار کون اختیار کررہا ہے؟ ہم نے لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی نکتہ نظر کو سمجھنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نیک نیتی سے معاملے کو آگے بڑھانے کی کوشش کی، اسحاق ڈار نے اعتراف کیا کہ ہم نے لچک دکھائی، پی ٹی آئی کی پوزیشن واضح تھی کہ عدالتی احکامات کے تحت 14مئی کوالیکشن ہونے چاہیے، قومی اتفاق رائے کیلئے ہم نے لچک کا مظاہرہ کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت کی بڑی اور پہلی خواہش تھی کہ ملک بھر میں انتخابات ایک ساتھ ہوں، دوسری خواہش تھی کہ نگراں حکومت کے تحت الیکشن ہو، تیسری خواہش تھی کہ جو انتخابات ہوں اس کے نتائج قبول کئے جائیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومتی حلقوں نے مذاکرات کو سبوتاڑ کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی، مذاکرات سے پہلے خواجہ آصف، جاوید لطیف کی گفتگو دیکھ لیں، مذاکرات سے متعلق مولانا فضل الرحمٰن کا رویہ دیکھ لیں، حکومتی نمائندوں کے رویوں اور گفتگو کے باوجود ہم نے کوشش کی۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک طرف مذاکرات دوسری طرف ہمارے گھروں پر حملے کئے گئے، گھروں پر حملوں کے باوجود مذاکرات جاری رکھے تاکہ قوم کو اس ہیجانی صورتحال سے نکالیں۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے جو قانونی رکاوٹیں ہیں اس کا حل بھی پیش کیا، مذاکرات کیلئے جو تین نشستیں ہوئی ہیں اس کا خلاصہ سپریم کورٹ کو تحریری طور پر دیں گے۔
خواجہ آصف کس کی بولی بول رہے ہیں؟ شاہ محمود قریشی



















