یمن، امداد کی تقسیم کے دوران بھگدڑ سے 85 افراد ہلاک،سینکڑوں زخمی

صنعاء(مشرق نیوز) حوثی حکام نے کہا ہے کہ یمن میں امداد کی تقسیم کے دوران بھگڈر سے 80 سے زیادہ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ حادثہ جمعرات کو ایک سکول میں امداد کی تقسیم کے دوران پیش آیا۔ ایک دہائی کے دوران بھگڈر مچنے کا مہلک ترین کا واقعہ ہے۔جزیرہ نما عرب کے غریب ترین ملک یمن میں یہ سانحہ عیدالفطر کی تعطیلات سے دو دن قبل پیش آیا۔ایک حوثی سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ دارالحکومت کے باب الیمن ضلع میں بھگڈر کے بعد سے کم از کم 85 افراد ہلاک اور 322 زخمی ہو گئے ہیں۔انہوں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔محکمہ صحت کے ایک اہلکار نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق سینکڑوں لوگ امداد کے حصول کے لیے جمع تھے۔باغیوں کی خبر رساں ایجنسی صبا کے مطابق وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل جبکہ امداد تقسیم کرنے کے ذمہ داران کو حراست میں لے لیا گیا ۔