اسلام آباد (بیورو رپورٹ)چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے ملک میں ایک ہی وقت انتخابات کی سماعت میں ریمارکس دئیے منجمد سیاسی نظام چلنا شروع ہو رہا ہے، 14 مئی قریب آچکا ، سیاسی جماعتیں ایک موقف پر آجائیں تو عدالت گنجائش نکال سکتی ہے، الیکشن کمیشن کہتا ہے اکتوبر تک الیکشن نہیں ہوسکتے۔
کمیشن نے ایک ساتھ الیکشن کرانے کا بھی کہا ،بات پر کئی سوالات جنم لیتے ہیں، الیکشن کمیشن کی آبزرویشن کی بنیاد سکیورٹی کی عدم فراہمی ہے، کیا گارنٹی ہے 8 اکتوبر کو حالات ٹھیک ہوجائیں گے، مذاکرات کی بات ہے تو 8 اکتوبر پر ضد نہیں کی جاسکتی، یکطرفہ کچھ نہیں ہوسکتا، سیاسی جماعتوں کو دل بڑا کرنا ہوگا، 90 دن کا وقت 14 اپریل کو گزر چکا ہے، معاملے کو زیادہ طویل نہیں کیا جاسکتا، 5 دن عید کی چھٹیاں آگئی ہیں، میرے ساتھی جج کہتے ہیں 5 دن کا وقت بہت ہے، سیاسی عمل آگے نہ بڑھا تو الیکشن میں تصادم ہوسکتا ہے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3رکنی بنچ نے وزارت دفاع کی جانب سے ملک کی تمام اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانے کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کےلئے ابتدائی طور پر ساڑھے 11 بجے صبح کا وقت مقرر کیا گیا تھا تاہم کارروائی تاخیر کا شکار ہونے کے بعد 2 بجے شروع ہوئی۔
سماعت کا آغاز تلاوت سے ہوا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے دعا کی مولا ہمت دے صحیح فیصلے کریں اور نیک لوگوں میں شامل کرے، جب چلے جائیں تو اچھے الفاظ میں یاد کیا جائے،معاملہ بہت لمبا ہوتا جا رہا ہے، حکومت نے اپنا ایگزیکٹو کام پارلیمان کو دیا ہے یا نہیں۔
چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کو وزارت خزانہ کی رپورٹ پڑھنے کی ہدایت کی، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے عدالت کو کہا گیا تھا ضمنی گرانٹ کے بعد منظوری لی جائےگی، برعکس معاملہ ہی پارلیمنٹ کو بھجوا دیا گیا، کیا الیکشن کیلئے ہی ایسا ہوتا ہے یا عام حالات میں بھی ایسا ہوتا ہے؟۔
اٹارنی جنرل نے بتایا قائمہ کمیٹی نے حکومت کو ہدایت جاری کی تھی، جسٹس منیب اختر نے کہا قائمہ کمیٹی میں حکومت کی اکثریت ہے، حکومت کو گرانٹ جاری کرنے سے کرنے سے کیسے روکا جاسکتا ہے؟ وزیراعظم کے پاس اسمبلی میں اکثریت ہونی چاہئے، مالی معاملات میں تو حکومت کی اکثریت لازمی ہے، اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ قومی اسمبلی کی قرارداد کی روشنی میں معاملہ پہلے منظوری کیلئے بھیجا گیا تھا۔
جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا جب آئین حکومت کو اختیار دیتا ہے تو اسمبلی قرارداد کیسے منظور کرسکتی ہے؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ بعد میں گرانٹ کی منظوری لینے میں خطرہ تھا، جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ کیا بجٹ کے وقت حکومت کی اکثریت نہیں ہونی تھی؟ جو بات آپ کررہے ہیں وہ مشکوک لگ رہی ہے، کیا کبھی ضمنی گرانٹ کی منظوری لینے میں حکومت کو شکست ہوئی؟ ۔
اٹارنی جنرل نے بتایا 2013ءمیں کٹوتی کی قراردادیں منظور ہوئی تھیں، موجودہ کیس میں گرانٹ جاری کرنے سے پہلے منظوری لینے کیلئے وقت تھا۔ جسٹس منیب اختر نے کہا کہ وزارت خزانہ کی ٹیم نے بار بار بتایا کہ ضمنی گرانٹ کی منظوری بعد میں لی جاتی ہے، وزارت خزانہ نے آئین کے آرٹیکل 84 کا حوالہ دیا تھا۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ قومی اسمبلی اس معاملے میں قرارداد منظور کرچکی ہے۔ جسٹس منیب اختر نے دریافت کیا کہ کیا قرارداد کی منظوری کے وقت گرانٹ منظوری کیلئے پیش کی گئی تھی، وفاقی حکومت کی اسمبلی میں اکثریت لازمی ہے، حکومت کی گرانٹ اسمبلی سے کیسے مسترد ہوسکتی ہے، کیا آپ کو سپلیمنٹری بجٹ مسترد ہونے کے نتائج کا علم ہے۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ گرانٹ منظوری کا اصل اختیار پارلیمنٹ کو ہے، اسمبلی پہلے قرارداد کے ذریعے اپنی رائے دے چکی تھی، گرانٹ جاری ہونے کے بعد منظوری نہ ملے تو اخراجات غیر آئینی ہوتے۔
جسٹس منیب اختر نے کہاکہ اگر حکومت سنجیدہ ہوتی تو کیا ضمنی گرانٹ منظور نہیں کرواسکتی تھی، وزیراعظم کے پاس اسمبلی میں اکثریت ہونا لازمی ہے، اٹارنی جنرل صاحب سمجھنے کی کوشش کریں معاملہ بہت سنجیدہ ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ ہمارا نقطہ نظر سمجھ چکے ہیں، انتظامی امور قائمہ کمیٹی کو بھجوانے کی کوئی مثال نہیں ملتی، انتخابی اخراجات ضرورت نوعیت کے ہیں غیر اہم نہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت کا گرانٹ مسترد ہونے کا خدشہ اسمبلی کے وجود کےخلاف ہے، توقع ہے کہ حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرےگی، حکومت فیصلہ کرے یا اسمبلی کو واپس بھجوائے جواب دے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس معاملے کے نتائج غیر معمولی ہوسکتے ہیں، فی الحال غیرمعمولی نتائج پر نہیں جانا چاہتے، حکومت کو عدالتی احکامات پہنچا دیں۔
چیف جسٹس نے کہاکہ الیکشن کمیشن کہتا ہے اکتوبر تک الیکشن نہیں ہوسکتے، کمیشن نے ایک ساتھ الیکشن کرانے کا بھی کہا ہے، اس بات پر کئی سوالات جنم لیتے ہیں، الیکشن کمیشن کی آبزرویشن کی بنیاد سیکیورٹی کی عدم فراہمی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ملک میں دہشت گردی 1992ءسے جاری ہے لیکن 1987، 1991ئ، 2002، 2008، 2013ءاور 2018 میں الیکشن ہوئے، سیکیورٹی کے مسائل ان انتخابات میں بھی تھے، 2008ءمیں تو حالات بہت کشیدہ کیونکہ 2007ءمیں بینظیر بھٹو کی شہادت ہوئی تھی اور 2013ءمیں دہشت گردی تھی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اب ایسا کیا منفرد خطرہ ہے جو الیکشن نہیں ہوسکتے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ پہلے ایک ساتھ تمام سکیورٹی فورسز نے فرائض سر انجام دئیے تھے، اب دو صوبوں میں الیکشن الگ ہوں گے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا گارنٹی ہے کہ 8 اکتوبر کو حالات ٹھیک ہوجائیں گے، وزارت دفاع نے بھی اندازہ ہی لگایا ہے، حکومت اندازوں پر نہیں چل سکتی۔
سپریم کورٹ نے انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی سے متعلق حکومت سے دوبارہ جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے متنبہ کیا کہ فنڈز فراہم نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج آسکتے ہیں۔ اٹارنی جنرل نے مو¿قف اختیار کیا کہ آپریشنز میں متعین کردہ ٹارگٹ حاصل کرنے کی پوری کوشش ہے، کسی کو توقع نہیں تھی کہ اسمبلیاں پہلے تحلیل ہوجائیں گی۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ گزشتہ سال ایک حکومت کا خاتمہ ہوا تھا، عدالت نوٹس نہ لیتی تو قومی اسمبلی تحلیل ہوچکی تھی، صوبائی اسمبلیوں کے ہوتے ہوئے قومی اسمبلیوں کے انتخابات بھی ہونے ہی تھے، آئین میں اسمبلی تحلیل ہونے پر الیکشن کا وقت مقرر ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ برطانیہ میں جنگ کے دوران بروقت انتخابات ہوئے تھے، بم دھماکوں کے دوران بھی برطانیہ میں انتخابات ہوتے تھے، عدالت کو کہاں اختیار ہے کہ الیکشن اگلے سال کروانے کا کہے؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کا کام بیرونی خطرات سے نمٹنا ہے، سال 2001ءسے سکیورٹی ادارے بارڈرز پر مصروف ہیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فنڈز اور سیکیورٹی ملنے پر انتخابات کرانے کا کہا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہم آگے بڑھیں گے پیچھے نہیں ہٹیں گے، فنڈز کے حوالے سے عدالتی حکم ایک سے دوسرے ادارے کو بھیجا جا رہا ہے، جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جو پیغام آپ دینا چاہ رہے ہیں وہ سمجھ گیا ہوں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا گارنٹی ہے کہ 8 اکتوبر کو الیکشن ہوجائیں گے؟ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ فوج نے انتخابات کے مقررہ وقت کے مطابق آپریشنز شروع کئے تھے۔
جسٹس منیب اختر نے پوچھا کہ کیا آرٹیکل 245 کے تحت فوج سول حکومت کی مدد کو آتی ہے؟ جس پر اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 245 کے تحت بنیادی حقوق معطل ہوتے ہیں۔ جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ کیا 2018ءکے انتخابات میں بنیادی حقوق معطل تھے؟ وفاقی حکومت آرٹیکل 245 کا اختیار کیوں استعمال نہیں کررہی؟ کیا آئین بالادست نہیں ہے۔ انہوں نے ریمارکس دئیے کہ افواج نے ملک کیلئے جانوں کی قربانیاں دی ہیں، افواج پاکستان کا تو سب کو شکر گزار ہونا چاہئے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ 27 مارچ کو عدالتی کارروائی شروع ہوئی 4 اپریل کو فیصلہ آیا، پہلے 4/3 کا معاملہ تھا پھر فل کورٹ کا، بائیکاٹ ہوا لیکن کسی نے سکیورٹی کا مسئلہ نہیں اٹھایا۔
اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ میری درخواست پر ڈی جی ملٹری آپریشنز نے بریفنگ دی ،چیف جسٹس نے کہا ڈی جی آئی ایس آئی اور سیکرٹری دفاع بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ملاقات میں افسران کو بتایا تھا، دوران سماعت یہ معاملہ نہیں اٹھایا گیا، سب کو بتایا کہ فیصلہ ہوچکا ہے اب پیچھے نہیں ہٹ سکتے، الیکشن کمیشن اور وزارت دفاع کی درخواستیں فیصلے واپس لینے کی بنیاد نہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پہلے کہا کہ وسائل دیں الیکشن کروالیں گے، اب کہتے ہیں ملک میں انارکی پھیل جائےگی، الیکشن کمیشن پورا مقدمہ دوبارہ کھولنا چاہتا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ وزارت دفاع کی رپورٹ میں عجیب سی استدعا ہے، کیا وزارت دفاع ایک ساتھ الیکشن کروانے کی استدعا کرسکتی ہے؟ وزارت دفاع کی درخواست ناقابل سماعت ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ٹی وی پر سنا ہے وزراءکہتے ہیں اکتوبر میں بھی الیکشن مشکل ہے، جس پر اٹارنی جنرل نے کہاکہ کل بلاول بھٹو اور آج وزیراعظم سے ملا تھا، کوشش ہے ملک میں سیاسی ڈائیلاگ شروع ہو، ایک کے علاوہ تمام حکومتی جماعتیں پی ٹی آئی سے مذاکرات پر آمادہ ہیں۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ بلاول بھٹو آج مولانا فضل الرحمٰن سے ملکر مذاکرات پر قائل کریں گے، معاملات سلجھ گئے تو شاید اتنی سکیورٹی کی ضرورت نہ پڑے، تمام سیاسی جماعتیں مذاکرات پر آمادہ ہورہی ہیں، امیر جماعت اسلامی بھی شہبازشریف اور عمران خان سے ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین نے مذاکرات کیلئے کمیٹیاں تشکیل دےدی ہیں، عدالت کچھ مہلت دے تو معاملہ سلجھ سکتا ہے، جس پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ اٹارنی جنرل کی بات میں وزن ہے، منجمد سیاسی نظام چلنا شروع ہورہا ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ 14 مئی قریب آچکا ہے، سیاسی جماعتیں ایک موقف پر آجائیں تو عدالت گنجائش نکال سکتی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس معاملے کو زیادہ طویل نہیں کیا جاسکتا، 5 دن عید کی چھٹیاں آگئی ہیں، میرے ساتھی جج کہتے ہیں 5 دن کا وقت بہت ہے۔ شاہ خاور ایڈوکیٹ نے دلائل دئیے کہ عدالتی فیصلہ کبھی ایک وجہ سے نافذ نہیں ہوسکا، کبھی دوسری وجہ سے، عدالتی فیصلے پر عملدرآمد ضروری ہے، لوگ کنفیوژ اور ٹینشن میں ہیں، عوام کو ہیجانی کیفیت سے نکالنے کیلئے درخواست دائر کی ہے۔
وکیل شاہ خاور نے موقف اپنایا کہ ملک بھر میں انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں، انتخابات الگ الگ ہوئے تو کئی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی، صوبوں میں منتخب حکومتیں الیکشن پر اثرانداز ہوں گی۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جب بحث ہو رہی تھی تو اٹارنی جنرل نے یہ نکتہ کیوں نہیں اٹھایا؟ اٹارنی جنرل کو نہ جانے کس نے 4/3 پر زور دینے کا کہا، اٹارنی جنرل سے پوچھیں گے کس نے ان کو یہ مو¿قف اپنانے سے روکا۔وکیل شاہ خاور نے دلائل دئیے کہ سیاسی جماعتیں ابھی بھی متفق ہوجائیں تو آئیڈیل حالات ہوں گے،
چیف جسٹس نے کہا کہ مذاکرات کی بات ہے تو 8 اکتوبر پر ضد نہیں کی جاسکتی، یکطرفہ کچھ نہیں ہوسکتا، سیاسی جماعتوں کو دل بڑا کرنا ہوگا، 90 دن کا وقت 14 اپریل کو گزر چکا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آئین کے مطابق 90 دن میں انتحابات کرانے لازم ہیں، آپکے مطابق یہ سیاسی انصاف کا معاملہ ہے، جس میں فیصلہ عوام کرےگی، آپکی تجویز ہے کہ سیاسی جماعتیں مذاکرات کریں، عدالت نے یقین دہانی کرانے کا کہا تو حکومت نے جواب نہیں دیا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے بتایا کہ حکومت نے پہلی بار مثبت بات کی، عدالت ایک دن انتخابات کرانے کی درخواستوں پر سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کردیتی ہے؟ سیاسی جماعتوں کو کل کے لیے نوٹس جاری کررہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ نگران حکومت 90 دن سے زیادہ برقرار رہنے پر بھی سوال اٹھتا ہے، جس پر اٹارنی جنرل نے دلائل دئیے کہ عدالت سیاسی جماعتوں کو مہلت دے۔ عدالت نے فیصل چوہدری کو روسٹرم پر بلا لیا اور چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا پی ٹی آئی مذاکرات پر آمادہ ہے، فیصل چوہدری نے کہا کہ سراج الحق زمان پارک آئے، اگلے دن ہمارا سندھ کا صدر گرفتار ہوگیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تاریخ پر جماعتیں مطمئن ہوئیں تو لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گا، قوم کی تکلیف اور اضطراب کا عالم دیکھیں۔ فیصل چوہدری نے دلائل دئیے کہ قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے آپ سے بہت امید ہے۔ عدالت نے سماعت جمعرات کو ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردی۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ پارٹی قیادت سے ہدایات لےکر عدالت کو آگاہ کریں، ممکن ہے عدالت تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو طلب کرے۔ ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے دلائل دئیے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، وزیر داخلہ ہر گھنٹے بعد عدالت کو دھمکیاں دیتا ہے، وزیر داخلہ کہتا ہے جو مرضی کرلیں 14 مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ سیاسی عدم اتفاق رائے ہوا تو 14 مئی کا فیصلہ نافذ کرائیں گے، کیا آپ سڑکوں پر تصادم چاہتے ہیں؟ سیاسی عمل آگے نہ بڑھا تو الیکشن میں تصادم ہوسکتا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ دونوں فریقین کو سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے، عدالت نے سماعت تمام سیاسی جماعتوں کے سینئر قائدین کو طلب کرلیا۔
بعدازاںسپریم کورٹ نے 7 صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کر دیا،تحریری حکم نامے میں کہا گیاآئین اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 روز میں انتخابات کا کہتا ہے، سیاسی مذاکرات آئین سے متصادم نہیں ہونے چاہئیں، وزارت دفاع کی جانب سے کی گئی استدعا عدالت قبول نہیں کر سکتی، وزارت دفاع کی درخواست ناقابل سماعت ہونے کی بنیاد پر نمٹائی جاتی ہے۔
بادی النظر میں انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کا موقع دینے کی رائے درست ہے، مذاکرات کا موقع دینے کا ہرگز مطلب نہیں سپریم کورٹ کا پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم ختم ہو گیا،حکومت کو 27 اپریل تک انتخابات کیلئے 21 ارب کے فنڈز الیکشن کمیشن کو جاری کرنے کا پابند کیا گیا، وزارت دفاع نے اپنی رپورٹ میں کہا 4 اپریل کا فیصلہ واپس لیا جائے، وزارت دفاع کی استدعا ناقابل سماعت ہے ،کوئی ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے موقف کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن عدالتی کارروائی کو دوبارہ سے نکتہ آغاز پر لانا چاہ رہا ہے، فنڈز کی عدم فراہمی پروزارت خزانہ کی رپورٹ بھی ناقابل قبول قرار دی جاتی ہے،انتخابات کےلئے 21 ارب ڈیمانڈ مسترد ہونے کے سنگین آئینی مضمرات ہیں،پہلا امکان ہے وزیراعظم اور حکومت ایوان کا اعتماد کھوچکے، اٹارنی جنرل نے امکان پر کہا ایسا نہیں ، وفاقی کابینہ اور وزیراعظم کو قومی اسمبلی کی اکثریت کا اعتماد حاصل ہے،فوری طور پر اٹارنی جنرل کی رائے کو قبول کرلیتے ہیں،دوسرا امکان ہے 21ارب کی ڈیمانڈ مسترد ہونے کو غیرمعمولی سمجھا جائے،ڈیمانڈ مسترد ہونے سے پیدا ہونے والی صورتحال کو تیزی سے درست کرنا ضروری ہے،اٹارنی جنرل نے پیدا ہونےوالے سنجیدہ آئینی نتائج سے اتفاق کیا ،عدالت حکم کی نافرمانی کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں، عدالتی حکم پر عملدرآمد آئینی ذمہ داری ہے،27 اپریل تک فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
سپریم کورٹ نے گیند سیاستدانوں کی کورٹ میں پھینک دی



















