وسیع فنڈز کی دستیابی کے باوجود صوبائی دارالحکومت کو اندھیروں سے نہ نکالا جاسکا
لاہور (خبرنگار) وسیع فنڈز کی دستیابی کے باوجود صوبائی دارالحکومت کو اندھیروں سے نہ نکالا جاسکا، لاہور ہائیکورٹ نے رانا سکندر کی درخواست پر ریمارکس دیتے ہوئے سی او میٹروپولیٹن کارپوریشن علی عباس بخاری کو 30 یوم کے اندر شہر لاہور کی روشنیاں بحال کرنے کا کہا تھا، آج ڈیڑھ ماہ گزرنے کے بعد بھی لاہور شہر کی مین اور مصروف ترین شاہراہیں اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہیں۔رٹ پٹیشن نمبر 10646کے وکیل رانا سکندر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پورے لاہور میں صرف 20فیصد سٹریٹ لائٹس چالو ہیں، مین شاہراہوں اور وی آئی پی روٹس کی لائٹوں کوبحال رکھنے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اپنی ساری انرجی ویسٹ کررہی ہوتی ہے کیونکہ ان روٹس پر وی آئی پی موومنٹ جاری رہتی ہے جبکہ باقی پورے لاہور کی کوئی پرواہ نہیں، یہی وجہ ہے کہ آئے روز چوری چکاری اور راہ زنی کی وارداتیں بڑھتی چلی جارہی ہیں۔ رٹ پٹیشن پر جسٹس مزمل اختر شبیر نے ایم سی ایل کے سی او کو 30 یوم کے اندر پورے لاہور کی سٹریٹ لائٹس بحال کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔



















