واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکہ اپنے ہی اتحادیوں کی جاسوسی کرتا پکڑا گیا، امریکی افواج کی سرگرمیوں سے متعلق خفیہ دستاویزات پینٹاگون سے لیک ہو گئیں۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق لیک ہونے والی حساس امریکی دستاویزات میں انکشاف ہوا کہ امریکا نے جنوبی کوریا، اسرائیل اور یوکرین سے متعلق خفیہ معلومات جمع کیں۔مبینہ طور پر روس میں موجود وسیع امریکی انٹیلی جنس نیٹ ورک کی تفصیلات بھی منظرِ عام پر آ گئیں۔حساس دستاویزات میں امریکی اتحادی ممالک اور روس یوکرین جنگ سے متعلق معلومات موجود ہیں۔پینٹا گون نے لیک دستاویزات کو قومی سلامتی کے لیے انتہائی سنگین خطرہ قرار دے دیا اور اس کی تحقیقات شروع کر دیں۔ترجمان پینٹاگون نے کہا کہ دستاویزات میں موجود معلومات سے لوگوں کی جانیں جاسکتی ہیں، تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا افشا ہونے والی دستاویزات اصل ہیں یا نہیں۔امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون سے انتہائی حساس دستاویزات کے افشا کو امریکی تاریخ کی سب سے بڑی لیک تصور کیا جا رہا ہے۔خفیہ دستاویزات اس وقت افشا ہوئیں جب امریکہ اور یوکرین روس کے خلاف ایک بڑے حملے کی تیاری کر رہے تھے۔
امریکہ اپنے ہی اتحادیوں کی جاسوسی کرتا پکڑا گیا



















