صنعاء(مشرق نیوز) یمن میں سعودی عرب کے سفیرنے جنگ بندی کو مضبوط بنانے اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے حوثی باغیوں کے زیرقبضہ دارالحکومت صنعا کا دورہ کیا ہے۔اس سے ملک میں آٹھ سال سے جاری جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق محمدآل جابر نے اپنے دورے کے بارے میں سعودی حکام کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں کہاکہ میں برادر سلطنت عمان کے ایک وفد کے ساتھ صنعا کا دورہ کررہا ہوں تاکہ جنگ بندی کو مستحکم کیا جا سکے۔انھوں نے مزید کہا کہ وہ قیدیوں کے تبادلے کے عمل کی حمایت کرتے ہیں اور ایک پائیدار اور جامع سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے یمنی فریقوں کے مابین بات چیت کے مواقع تلاش کرنا چاہتے ہیں۔سعودی وفد کا صنعا کا دورہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف کھڑا کرنے کے تنازع کے خاتمے کیلئے سفارتی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔
یمنی دارالحکومت میں سعودی سفیرکاجنگ بندی مستحکم کرنے کااعلان



















