الیکشن کمیشن پیسے مانگنے کی درخواست کرےگا تو وسائل کی دستیابی دیکھیں گے:رانا تنویر حسین

نارنگ منڈی (نامہ نگار) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے حکومت کے پاس وسائل کی گنجائش ہے اور نہ ہمیں سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے ،جب الیکشن کمشن پیسے مانگنے کی درخواست کرے گا تو وسائل کی دستیابی دیکھیں گے ۔مریدکے میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عارف علوی صدر مملکت کی بجائے عمران خان کے کارکن کے طور پر کام کررہے ہیں، ان کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہتے ،بس ان سے کہتے ہیں اپنے آئینی منصب کی پاسداری کریں ، انہوںنے ہمیشہ ہمارے لئے مسائل پیدا کئے ،جو قانون مسترد کیا ہے دوبارہ پاس کر کے ان کے پاس بھیجیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم شروع سے کہتے ہیں عمران خان غیر ملکی ایجنٹ ہے ،اسلام اور ملک دشمن اسے لے کر آئے ،اس نے بھی ملک کو تباہ کیا مگر ہم نے اللہ کے حکم سے اسے آئینی طریقہ سے ہٹا کر ملک کو بچالیا ۔انہوں نے کہا چیف جسٹس آف پاکستان کے کنڈکٹ میں ایسا تاثر مل رہا ہے کہ وہ عہدے کے ساتھ انصاف نہیں کررہے ،ایسے میں ہمارا مطالبہ جائز ہے انکا اب عہدے پر مزید رہنا بنتا نہیں ہے ۔انہوں نے کہا عمران خان تحریک چلانے کا شوک پورا کریں ، ان کو ایک مخصوص جتھے کی حمایت حاصل ہے جسے قوم مسترد کرچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن اکتوبر میں الیکشن کا کہہ چکا ہے اگست میں حکومت کی مدت پوری ہونا ہے اکتوبر میں الیکشن میں جائیں گے ۔انہوں نے کہا اتحادی جماعتوں کے ساتھ سیاسی اتحاد جاری رہے گا ،مسلم لیگ (ن)نواز شریف ،شہباز شریف کی قیادت میں بھر طریقہ سے الیکشن میں اترے گی ،الیکشن سے قبل نواز شریف پاکستان آجائیں گے اورفتنہ خان کی نفرت کی سیاست دفن کردیں گے ۔