محکمہ ماحولیات کی مجرمانہ غفلت: شرقپور روڈ پر فیکٹریوں کا جان لیوا دھواں انسانی جانوں کی قربانیاں لینے لگا

شیخوپورہ (بیورو رپورٹ) شرقپور روڈ پر محکمہ ماحولیات کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے فیکٹریاں جان لیوا دھواں چھوڑ رہی ہیں جس کی وجہ سے ارد گرد کے دیہات میں بسنے والے لوگ اور مال مویشی مرنے لگے جبکہ کروڑوں روپے کی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر کسان ونگ چوہدری قیصر محمود ڈھلوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ماحولیات کے افسران اور اہلکاروں نے فیکٹری مالکان سے لاکھوں روپے منتھلی مک مکا کر رکھی ہے جس کی وجہ سے انکے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی بلکہ یہ لوگ دیدہ دلیری کے ساتھ موت بانٹنے والا دھواں چھوڑ رہے ہیں جس کی وجہ سے لوگ یہاں سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں مگر محکمہ ماحولیات کے افسران پر جوں تک نہیں رینگتی۔ چوہدری قیصر ڈھلوں نے کہا کہ اگر ان جان لیوا فیکٹریوں کو فوری طور پر بند نہ کیا گیا تو وزیر اعلیٰ پنجاب کے آفس کے باہر ہزاروں زمیندار دھرنا دیں گے اور اس وقت تک احتجاج جاری رہےگا اور جب تک محکمہ ماحولیات کے کرپٹ افسران اور فیکٹری مالکان کے خلاف کارروائی مکمل نہیں ہو جاتی احتجاج جاری رہیگا۔ دوسری طرف محکمہ ماحولیات کے افسران نے ملی بھگت اور لین دین کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ دھواں چھورنے والی فیکٹریوں کےخلاف کارروائی جاری ہے۔