ریلوے کی جانب سے تقسیم حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ کی تقریب

لاہور(اپنے نمائندے سے) ریلوے لاہور ڈویژ ن کے کمیٹی روم میں تقسیم حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ کے حوالے سے مختصر تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ڈویژ نل سپرنٹنڈنٹ ریلوے حنیف گل نے عمدہ کارکردگی پر ڈپٹی ڈویژ نل سپرنٹنڈنٹ ریلوے عمران مشال سمیت تین افسروں و سٹاف کو حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ دیئے۔

ریلوے لاہور ڈویژ ن کی شاپس کی نیلام عام کے عمل کو صاف شفاف بنانے اور شاپس کے جاری نیلام عام کے عمل کے پہلے تین ہفتوں کے دوران 100 ملین سے زائد ریونیو حاصل کرکے سرکاری خزانے میں جمع کروانے پر ڈپٹی ڈویژ نل سپرنٹنڈنٹ ریلوے عمران مشال سمیت ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ توصیف ظفر اور انسپیکٹر آف ورکس لینڈ ظفر جنجوعہ کو تعریفی سرٹیفیکٹ دیئے گئے۔ تقسیم حسن کارکردگی سرٹیفکٹ تقریب میں ڈویژ نل و اسسٹنٹ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی ایس ریلوے کا اپنے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ ریلوے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی انہوں نے کہا کہ اپنے ماتحت عملے سے بھی شفقت سے پیش آئیں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ انسان پر اتارچڑھاو آتے رہتے ہیں تاہم ہمت اور نیک نیتی سے آگے بڑھنا ہی کامیابی ہے۔ واضح رہے ڈپٹی ڈی ایس ریلوے شاپس کی نیلام عام کے عمل کو صاف شفاف بنانے کے حوالے سے براہ راست کردار ادا کر رہے ہیں۔