سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کی مسلسل توہین منظم سنگین سازش ہے: لاہور ہائیکورٹ بار

لاہور (کورٹ رپورٹر) سوشل میڈیا پر موجود گستاخانہ مواد کی منظم تشہیر کے ایشو پر عہدیداران لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر اللہ رب العزت ، نبی اقدس ، اہل بیت اطہار ، اُمہات المومنین ، اصحاب رسول قرآن پاک اور پرچم پاکستان کی منظم سازش کے تحت سنگین ترین توہین کی جا رہی ہے ۔ سوشل میڈیا کے اصول و ضوابط نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی قوم کی نئی نسل سے منظم سازش کے تحت یہ گستاخیاں کروائی جا رہی ہیں ۔ سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ نہ تو ریاست کر رہی ہے اور نہ ہی معاشرہ حتیٰ کہ والدین اور افراد بھی اپنے بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر مانیٹرنگ نہ کر رہے ہیں ۔ دوسری طرف سوشل میڈیا ٹیکنالوجی بھی ہر فرد کی اہم ضرورت بن چکی ہیں ۔ اس ایشو پر لیگل کمیشن آن بلا سفیمی پاکستان کی جدوجہد کو میٹنگ میں سراہا گیا جو کہ اس سازش کے سامنے مضبوط رکاوٹ بن کر کھڑی ہے جس کی قانونی جدوجہد کے نتیجے میں سائبر کرائم نے اب تک 119 غلیظ ترین گستاخ گرفتار کر لئے ہیں اور 11 مقدمات کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ جس میں تمام افراد کو سزائے موت سنائی گئی ہے اور ان ملزمان کے خلاف اس قدرشواہد ہیں کہ اب تک کسی عدالت نے بھی ان کی ضمانت قبول نہیں کی ۔ سائبر کرائم / ایف آئی اے کے معزز عدالت کو بتائے گئے اعدادوشمار اور لیگل کمیشن آن بلا سفیمی پاکستان کی تحقیق کے مطابق پاکستان میں ایسے بد بختوں کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے ۔پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن پی ٹی اے کی ذمہ داری ہے کہ وہ فی الفور سوشل میڈیا پر فلٹریشن لگائی جائے تا کہ گستاخانہ مواد نہ وطن عزیز میں اپ لوڈ ہو سکے نہ ڈاون لوڈ۔ جب تک حکومت یہ ذمہ داری ادا نہیں کرتی تو والدین اپنے بچوں کی مانیٹرنگ کریں ۔ اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر موجود بچوں کی کنٹرول کی ایپلی کیشن کا استعمال کیا جا سکتاہے تا کہ انہیں پتا چلے کہ وہ تعمیری کام کر رہے ہیں یا فحش مواد کی دلدل میں دھنس رہے ہیں جو انہیں گستاخی رسول تک لے جا کر تخریبی کام کا آلہ کار بنائےگا ۔ روک تھام کے اس سلسلے کی آگاہی کیلئے لیگل کمیشن آن بلاسفیمی پاکستان کی جانب سے 7 اپریل بمطابق 16 رمضان المبارک جمعتہ المبارک کو ”یوم تحفظ ناموس رسالت “ منانے کا اعلان کیا۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے بھرپور حمایت کے اعلان کا فیصلہ کیا گیا ۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے منسلک علماءکرام ، خطباءمشائخ نظام،اساتذہ ، صحافی ، وکلاء، کالم نگار ، تاجر ، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ، اینکرز ، سیاسی و سماجی و مذہبی رہنما سے التماس ہے کہ وہ اس آگاہی ٹیم میں بھرپور کردار ادا کریں تا کہ وطن عزیز کے خلاف اس منظم سازش ، جس سے مسلک کو مسلک کے خلاف ، مذہب کو مذہب کےخلاف ، اقلیت کو اکثریت کےخلاف اور عوام کو اداروں کے ساتھ لڑوا کر فساد برپا کرنے کے مقصد کو ناکام کیا جاسکے ۔ اس منظم سازش کا مقصد مذہب سے زیادہ پاکستان کی تباہی اورفساد برپا کرنا ہے ۔ ہم ہر طرح سے اس جمعتہ المبارک کو یوم تحفظ مذاہب انبیاءو اہلِ بیت و صحابہ رسول کے طور پر منا کر آگاہی کےلئے اپنے تمام وسائل اسی طرح بروئے کار لائیں گے، جیسے یہ کال ہم نے خود دی ہے۔