سموگ سے پہلے پبلک ٹرانسپورٹ کے فٹنس ٹیسٹ مکمل کر لئے جائیں:منصور قادر

لاہور (خبرنگار)سموگ کی آمد سے پہلے صوبے بھر میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ کے فٹنس ٹیسٹ مکمل کر لئے جائیں۔کابینہ کمیٹی برائے پبلک ٹرانسپورٹ کے ممبران صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ فٹنس سرٹیفکیٹ مراکز کا دورہ کرکے سموگ کی آمد سے قبل فٹنس ٹیسٹ کی تکمیل یقینی بنائیں گے۔محکمہ ایکسائز کو فٹنس سرٹیفکیٹ کی عدم موجودگی پر گاڑیوں کی ٹرانسفر روکنے اور فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عمل میں ٹریفک پولیس کو بھی شامل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔یہ فیصلے نگران وزیرتعلیم منصور قادر کے دفتر ان کی زیرصدارت منعقدہ کابینہ کمیٹی برائے پبلک ٹرانسپورٹ کے اجلاس میں کئے گئے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعلی کے مشیر کنورحسن دلشاد، محکمہ ٹرانسپورٹ، فنانس اور محکمہ قانون کے متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں پبلک ٹرانسپورٹ کے فٹنس سرٹیفکیٹ کے طریقہ کار ڈیجیٹلائز کرنے پر غور کیاگیا۔ وزیرتعلیم منصور قادر نے کہاکہ سموگ آنے سے قبل پبلک ٹرانسپورٹ کی فٹنس کا عمل مکمل کرلیاجائے۔انہوں نے کہاکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عمل میں ٹریفک پولیس کو بھی شامل کیاجائے۔صوبائی وزیر نے کہاکہ گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے قابل عمل ماڈل پیش کیاجائے۔انہوں نے ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں کوارڈینیشن بہتربنانے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔اس موقع پر ابراہیم حسن مراد نے کہاکہ سموگ کے خاتمے کیلئے گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا نظام فول پروف بنایاجائے۔انہوں نے زور دیا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والی گاڑیوں کی ٹرانسفر پر محکمہ ایکسائز پابندی عائد کرے۔اجلاس میں مال بردار گاڑیوں کی لوڈ کپیسٹی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔