چیف جسٹس کے ون مین پاور شو کے اختیار پر نظرثانی کرنا ہوگی، ججز سپریم کورٹ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ کے 2 ججوں نے صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن پر ازخود نوٹس کیس کی درخواستیں مسترد کردیں اور لاہور، پشاور ہائیکورٹس کو زیرالتواءدرخواستوں پر 3 روز میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور کے پی الیکشن کی تاریخ کے تعین پر لئے جانےوالے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل نے اختلافی نوٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

27 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ازخود نوٹس 4 ججز نے مسترد کیا، آرڈر آف کورٹ 3-4 کا فیصلہ ہے، فیصلے میں کہا گیا چیف جسٹس کے ون مین پاور شو کے اختیار پر نظرثانی کرنا ہوگی، سپریم کورٹ کو صرف ایک شخص کے فیصلوں پر نہیں چھوڑا جاسکتا، وقت آگیا چیف جسٹس آفس کا ون مین شو کا لطف اٹھانے کاسلسلہ ختم کیا جائے، ازخود نوٹس کے اختیار پر فل کورٹ کے ذریعے پالیسی بنانا ہوگی۔

فیصلے میں مزید کہا گیا سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو وسیع اعزازات سے نوازا جاتا ہے، ستم ظریفی ہے سپریم کورٹ قومی اداروں کے اختیارات کو ریگولیٹ کرنے کی بات کرتی ہے لیکن اپنے گریبان میں نہیں جھانکتی، سپریم کورٹ اپنے اختیارات کا ڈھانچہ بنانے میں مکمل طور پر ناکام رہی، چیف جسٹس کے پاس ازخود نوٹس، بنچز کی تشکیل و مقدمات فکس کرنے کا اختیار ہے، چیف جسٹس کے پاس بے لگام طاقت ہے جس کا لطف لیتے ہیں، چیف جسٹس کی طاقت کے بے دریغ استعمال سے سپریم کورٹ کا وقار پست و کڑی تنقید کی زد میں رہا۔

فیصلہ جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے کا ہی تسلسل ہے، کیس میں ایک بار کاز لسٹ جاری ہونے کے بعد بنچ تبدیل نہیں ہوسکتا، آئینی ادارے کے ممبران کے طور پر ہمارا ہر عمل تاریخ کا حصہ بنتا اور زیر بحث آتا ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل نے اپنے فیصلے میں مزید کہا چیف جسٹس کے ازخود نوٹس کو 7 میں سے 4 ججوں نے مسترد کیا، جسٹس منصور علی شاہ کے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا یکم مارچ کا الیکشن ازخود نوٹس کیس کا آرڈر آف کورٹ 3-4 کا فیصلہ ہے۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات پر درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں، فیصلے میں لاہور، پشاور ہائیکورٹس کو حکم دیا گیا زیرالتواءدرخواستوں پر 3 روز میں فیصلہ کریں۔ جسٹس منصور علی شاہ نے فیصلے میں چیف جسٹس کو حاصل بنچ بنانے کے صوابدیدی اختیار کو ون مین پاور شو قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کے ون مین پاور شو کے اختیار پر نظرثانی کرنا ہوگی، سپریم کورٹ کو صرف ایک شخص کے فیصلوں پر نہیں چھوڑا جاسکتا، سپیشل بنچ و آئینی معاملات پر بنچ کی تشکیل پر فل کورٹ کے ذریعے پالیسی بنانا ہوگی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے مزید کہا وقت آگیا چیف جسٹس آفس کا ون مین شو کا لطف اٹھانے کا سلسلہ ختم کیا جائے، ایک شخص کے ہاتھ میں بہت زیادہ طاقت سے ادارے کی خودمختاری غیرمحفوظ ہوسکتی ہے، 2 ججز کے فیصلے میں کہا گیا پانامہ کیس میں عدالت کا پہلا حکم 3-2 کے تناسب سے آیا تھا، اختلاف کرنےوالے 2 ججز نے باقی پانامہ کیس نہیں سنا لیکن بنچ سے الگ نہیں کیا گیا ، پانامہ نظرثانی کیس بھی پھر 2 ججز سمیت 5 رکنی لارجر بنچ نے سنا، فیصلے میں کہا گیا فیڈرل ازم کا بنیادی اصول صوبائی خودمختاری ہے۔

ہائیکورٹس صوبائی سطح پر سب سے اعلیٰ آئینی ادارہ ہے، صوبائی معاملات میں سپریم کورٹ کو مداخلت نہیں کرنی چاہئے، سپریم کورٹ کو ہائیکورٹ کی خودمختاری مجروح نہیں کرنی چاہئے، سیاسی جماعتوں کی شدید تقسیم نے ملک میں چارجڈ سیاسی ماحول قائم کر رکھا ہے، چارجڈ سیاسی ماحول میں سپریم کورٹ کا سیاسی جھنڈ میں شامل ہونا تنقید کا ہی باعث بنا، جمہوریت کبھی تقسیم سے خالی نہیں ہوتی، سیاسی سسٹم کا مقصد ہی تقسیمی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے ختم کرنا ہے۔

چاروں جج سمجھتے ہیں فیصلہ 3-4 کا ہے جبکہ دیگر 3 جج 2-3 کا فیصلہ سمجھتے ہیں، فیصلے میں کہا گیا یکم مارچ کا الیکشن ازخود نوٹس کیس کا فیصلہ 3-2کا نہیں، 3-4 کا اکثریتی فیصلہ تھا، اختلاف کی وجہ سے بنچ کے سربراہ فیصلہ جاری نہیں کر پا رہے، سمجھتے ہیں 3-4 کا فیصلہ جس کے تحت ازخود نوٹس کیس کو مسترد کردیا گیا وہ بائنڈنگ ہے۔