فاشسٹ عمران خان شیاطین سے بھی اتحاد کر لیتے ہیں،سعدرفیق

لاہور(اپنے نمائندے سے)وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے اقتدار کیلئے فاشسٹ عمران خان شیاطین سے بھی اتحاد کر لیتے ہیں،چیخو چلاو،دشمنوں کے ہاتھوں کھیلنے والے کو کپتانی واپس نہیں ملے گی.

تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے سعدرفیق نے اپنی ٹوئٹ میں کہا2018ء میں عمران حکومت مسلط نہ کی جاتی تو پاکستان دنیا کی ابھرتی معیشت بن گیا ہو تا.

تمہاری 4 سال کی حکمرانی نے معاشی بنیادیں ہلا دیں،ملکی سالمیت کو شدید خطرات لاحق ہو گئے، عمران حکومت نے اپنی نالائقی سے پاکستانیوں کو غیر ملکی قرضوں کے ریکارڈ بوجھ تلے دبا یا،اسٹیبلشمنٹ کے سابق منظور نظر عمران خان اب اینٹی پاکستان طاقتوں کیلئے بطور مہرہ استعمال ہو رہے ہیں.

شخصی اقتدار کیلئے عمران خان پاکستانیوں کو ابدی غلامی کی زنجیریں پہنانا چاہتے ہیں،پاکستان میں گمراہی و نفرت پھیلانے کیلئے فارن فنڈنگ کے بل پر زہریلا پروپیگنڈا پھیلایا گیا،دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے کو کپتانی واپس نہیں ملے گی،چیخنا چلانا قلابازیاں لگانا کچھ کام نہیں آئے گا۔