لاہور (نمائندہ خصوصی) تحریک لبیک اور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں ”استقبالِ رمضان کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ رمضان المبارک کے حقوق کی ادائیگی خوش قسمت انسان ہی کر سکتا ہے۔ رسول اکرم نے رمضان کو صبر،ہمدردی،خیرخواہی اور پارسائی کا موسم قرار دیا ہے۔ اگر اسوہ حسنہ کے مطابق رمضان گزاریں تو دلوں کی کھیتیاں ہری بھری ہو جائیں گی۔
رمضان ٹرانسمیشن کیلئے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ضابطہ اخلاق بنانا اور اس پر پابندی کروانا ناگزیر ہوچکا ہے۔چند سالوں سے بعض ٹی وی چینل رمضان اور روزے کا تقدس بری طرح پامال کر رہے ہیں۔ ریٹنگ کی دوڑ میں عبادات کے موسم کو خرافات سے آلودہ کردیا ہے۔رمضان کے علاوہ دنوں میں فسق وفجور کے تنور بھڑکانے والے رمضان میں رحمت ونور کے مژدے سناتے بڑے عجیب لگتے ہیں۔وہ رمضان جو خشیت ایزدی،پارسائی اور اللہ سے لو لگانے کا مہینہ تھا دن بدن ریاکاریوں، عریانی، فحاشی کی تباہ کاریوں اور دنیاوی رنگینیوں کا تماشہ بنتا جا رہا ہے۔
شوبز سے تعلق رکھنے والی حیا سوز شخصیات کی شرکت سے سحری و افطاری ٹرانسمیشن اور سٹیج ڈرامے میں فرق کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔دینی علوم سے نا آشنا بعض اینکر زاور ڈبیٹرز کی طرف سے ایسے ایسے بے سرو پا فلسفے پیش کیے جاتے ہیں جن کا قرآن و سنت سے کوئی دور کا تعلق بھی نہیں ہوتا۔بعض ٹی وی چینلز ریٹنگ کی دوڑ میں شرعی حدود پھلانگتے نظر آتے ہیں۔ نسل نو کو فلمی سٹار ز کے ذریعے ملنے والی تعلیم سے کوئی اچھی توقعات وابستہ نہیں کی جاسکتیں۔
اُمت مسلمہ میں عریانی و فحاشی پھیلانے والوں کی زبان سے پارسائی کا درس سن کر خطرہ ہے کہ لوگوں کا دینی احکام سے اعتماد ہی نہ اٹھ جائے۔ ایک مسلمان آمد رمضان کی خوشی فطرتی طور پر اپنی روح میں محسوس کرتا ہے۔ رمضان المبارک میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا جائے۔
حضور نے رمضان کو صبر کا مہینہ قرار دیا: اشرف آصف جلالی



















