توشہ خانہ فوجداری کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری برقرار

اسلام آباد(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کافیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو تحریری یقین دہانی (انڈر ٹیکنگ) ٹرائل کورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دےدیا، چیف جسٹس عامر فاروق نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی وارنٹ منسوخی درخواست نمٹا دی۔

فیصلے میں کہا گیا عمران خان ہائیکورٹ میں دی گئی انڈر ٹیکنگ ٹرائل کورٹ میں دیں گے، ہائیکورٹ میں دی گئی انڈر ٹیکنگ عمران خان ٹرائل کورٹ میں دائر درخواست کے ساتھ لگائیں گے، درخواست نمٹانے کا5صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاٹرائل کورٹ کا فیصلہ قانون کے مطابق ہے ، سب اور پٹشنر عمران خان کو عمل کرنا چاہئے، ٹرائل کورٹ کے آرڈر میں کوئی قانونی سقم نہیں جس پر مداخلت کی جائے۔

عدالتی آرڈر کے بعد کا معاملہ ہے اس لیے بہتر ہے ٹرائل کورٹ ہی دیکھے، فیصلے میں مزید کہا گیا عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کی گئی انڈرٹیکنگ ٹرائل کورٹ میں 16مارچ تک پیش کی جائے اور مقامی کورٹ درخواست کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کرے، عدلیہ میں سپریم کورٹ ،ہائی کورٹس کی طرح ہر عدالت کا اپنا وقار ہے،لاہور میں پیدا ہونےوالی امن و امان کی صورت نہایت افسوسناک ہے۔

ریاست کو عدالتی آرڈر پر عملدرآمد کی ذمہ داری ادا کرنے سے روکا گیا، وارنٹس جب جاری ہوجائیں تو عملدرآمد یا ڈسچارج ہونے تک برقرار رہتے ہیں، لاہور میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ افسوسناک ہے، رول آف لا محض کہنے کی بات نہیں، مطلب قانون کی تابعداری ہے، قانون سے انحراف کے قدرتی طور پر نتائج ہوتے ہیں، وارنٹس سے متعلقہ عدالت اب ٹرائل کورٹ ہے، ٹرائل کورٹ وارنٹس کے بعد کی صورتحال پر عمران خان کی یقین دہانی کا جائزہ لے۔

اس سے قبل دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے عدالت نے عمران خان کو پہلے بھی ریلیف دیا، اسکے باوجود جوکچھ ہو رہا ہے تو افسوسناک ہے،کورٹ نے راستہ دیا لیکن آپ نے اختیار نہیں کیا تو اثرات دیکھنے ہوں گے ابھی تو آپ کی درخواست فکس نہیں ہوئی، فکس ہوگی تو سماعت کروں گا، وکیل خواجہ حارث نے کہا آپ سن لیں قانون کے تحت عدالت کو مطمئن کریں گے، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے عدالت نے پہلے ریلیف دیا تھا مگر عدالتی احکامات کا کیا بنا، عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہوا ،کیا نتائج ہوسکتے ہیں دیکھیں گے۔

خواجہ حارث نے کہا لاہور میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ عدالت کے سامنے ہے، چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے جو کچھ ہو رہا ہے وہ آپ کا اپنا کیا دھرا ہے، چیف جسٹس نے درخواست پر اعتراضات دور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ریمارکس دئیے جو ٹکٹس نہیں لگے یا باقی چھوٹے چھوٹے اعتراضات ہیں وہ دور کر لیں جبکہ بائیو میٹرک و دستخط والے اعتراضات میں دور کررہا ہوں، آدھے گھنٹے میں اعتراضات دور ہوجائیں تو میں ادھر ہی ہوں، آرڈر میں 3 روز میں اعتراضات دور کرنے کا لکھ رہا ہوں لیکن آپ اگر ابھی اعتراضات دور کرا لیں تو میں ادھر ہی ہوں۔

سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا صرف 5منٹ لوں گا، عدالت نے 7 مارچ کو وارنٹ معطلی کا حکم دیا تھا، عمران خان کے وکیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا 7 مارچ کا آرڈر بھی پڑھا،وکیل عمران خان نے کہا 13 مارچ کو پٹیشنر عدالت کے سامنے پیش نہیں ہو سکے، عدالت نے استفسار کیا وہ اس روز کدھر تھے؟ خواجہ حارث نے بتایا عمران خان گھر اورشام کو ریلی میں تھے،13 مارچ کو عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ درخواست دائر کی گئی۔

عدالت نے ریمارکس دئیے ایک مرتبہ وارنٹ جاری ہو جائیں تو وہ فیلڈ میں ہوتے ہیں ،عدالت نے صرف وارنٹ معطل کیے تھے لیکن وارنٹ فیلڈ میں تھا اور ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے میرے لیے جو لاہور میں ہو رہا ہے وہ بھی ضروری ہے اور میرے لیے وقار اپنی کورٹ کا بھی عزیز ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے جہاں تاثر جائے ایک کےلئے اور دوسرے کےلئے اور طریقہ کار ہے جو کچھ لاہور میں ہو رہا ہے دنیا کو دیکھا رہے ہیں قانون پر عمل نہیں کرتے، قبائلی علاقوں کا سنتے تھے وہاں یہ ہوتا ہے اب لاہور میں دیکھ رہے ہیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے مزید ریمارکس دئیے عدالت جو بھی ہو مجسٹریٹ کی ہو یا سپریم کورٹ کی ہوsanctity برقرار رہنی چاہیے اگر کسی بھی کریمنل کیس میں سمن جاری ہو تو کیا عدالت پیش ہونا ضروری نہیں؟ مجسٹریٹ کی عدالت ہو یا سپریم کورٹ فیصلوں پر عمل ہونا چاہیے، آرڈرز دستخط کے ساتھ جاری ہوتے ہیں اور ہمارے پاس ”مسل مین“ نہیں جو جا کر طاقت دکھائیں، عدالتوں کے بلانے پر کوئی نہیں آتا تو پھر قانون ہی راستہ لیتا ہے، لاہور میں جو ہو رہا اس پر افسوس مگر اپنی عدالتوں کا تقدس بھی اہم ہے۔

وکیل عمران خان نے کہا18 مارچ کو طلبی ہے تو 4روز پہلے گرفتاری کیوں کرنے گئے؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے یہ بات آپ کی ٹھیک ہے 4دن پہلے گرفتار کر بھی لیں تو کیا کریں گے؟عدالت نے ریمارکس دئیے خواجہ صاحب جو کچھ لاہور میں ہو رہا ہے وہ ٹھیک ہے؟ وکیل خواجہ حارث نے کہابالکل غلط ہو رہا ہے، عدالت نے استفسار کیا برطانیہ میں پولیس والے کی وردی میں کوئی ہاتھ لگا سکتا ہے؟ ایک طرف نوجوان بچے دوسری طرف پولیس ہے افسوسناک ہے، کورٹ کے وقار کو برقرار رکھوں گا،ایک سیاسی جماعت کے کارکن پولیس پر حملے کر رہے ہیں اور یہ ریاست پر حملہ ہے، پولیس والے ریاست کی طرف سے ڈیوٹی کر رہے ہیں اور حملہ کرنے والے بھی اپنے ہی بچے ہیں۔