کارڈیک سنٹر کی تعمیر سے ایک کروڑ سے زائد افراد کو جدید علاج میسر ہوگا :کمشنر ساہیوال
ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کےلئے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں ایک جدید کارڈیک سنٹر کی تعمیر کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے جس سے ڈویژن اور اردگرد کے اضلاع کے ایک کروڑ سے زائد افراد کو دل کی بیماریوں کا جدید علاج میسر آ سکے گا۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کارڈیک سنٹر کی تعمیر کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سعید احمد کامیانہ، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹرعمران حسن خان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرمشتاق احمد سپرا،چیئرمین شعبہ کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر سلیم اور ڈاکٹر نجم الثاقب نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے پرنسپل کو ہدایت کی کہ سنٹر کی تعمیر کےلئے جامع منصوبہ جلد تیار کر کے صوبائی حکومت کو بجھوایا جائے تا کہ اسے اگلے مالی سال کے بجٹ میں شامل کیا جاسکے۔ڈاکٹر سلیم نے بتایا کہ پہلے سے تیار منصوبے کے مطابق ٹیچنگ ہسپتال میں موجودہ رحمت العالمین بلاک سے متصل کارڈیک سنٹر تعمیر کیا جانا تھا جس میں موجودہ 60 بیڈز کے ساتھ مزید 60 بیڈز کا وارڈ تعمیر ہونا تھا جبکہ انجیوگرافی اور پلاسٹی کےلئے 2 کیتھ لیب بھی مہیا کی جانی تھیں۔ کمشنر ساہیوال نے ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر سعید احمد کامیانہ کو منشیات میں مبتلا افراد کے علاج اوربحالی کےلئے سنٹر بنانے کےلئے تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت کی۔دوسری طرف پسپ پروگرام کے تحت شہر میں مزید 2 ٹیوب ویلز کی مرمت اور بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ اب تک28ٹیوب ویلز کی مرمت مکمل ہو گئی جس سے پانی کی دستیابی میں 3گنا تک اضافہ کر لیا گیا ہے۔ یہ دونوں ٹیوب ویلز ڈسٹرکٹ کورٹ اور سندھی محلہ میں نصب ہیں۔ یہ بات کمشنر آفس میں ہونے والی پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، ایم او غلام عباس اور ندیم صفدر، اے سی جنرل وقاص ظفر اور پسپ کے سٹی منیجر اسجد خان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اسجد خان نے بتایا کہ اب تک پینے کے پانی کے 22755 گھریلو کنکشن لگانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے حبیب ٹا¶ن میں سیوریج کے سنگین مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے کارپوریشن کو اس کا مستقل حل نکالنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ساہیوال ڈویژن میں تعمیر متروک سرکاری دفاتر اور رہائش گاہوں کا سروے مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ انہیں مرمت کر کے استعمال میں لایا جا سکے۔



















