امریکہ بلین ڈالر کا گولہ بارود خریدنے کا خواہشمند
واشنگٹن (مشرق نیوز)امریکہ کی پہلی نائب وزیر دفاع کیتھلین ہکس نے اعلان کردیا ہے کہ واشنگٹن اگلے مالی سال میں گولہ بارود کی خریداری پر 30.6 بلین ڈالر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جو رواں سال کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ رقم ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہکس نے پینٹاگون میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم مالی سال 2024ءمیں صرف 30.6 بلین ڈالر کا گولہ بارود خریدیں گے۔ جو 2023 کے مقابلے میں تقریبا 12 فیصد زیادہ ہے۔اس کے علاوہ ذمہ دار ذرائع نے اطلاع دی کہ امریکی محکمہ دفاع اگلے سال کے بجٹ سے 100 بلین ڈالر مختص کرے گا تاکہ اس چیز کا مقابلہ کیا جا سکے جسے امریکہ چینی خطرے اور ہنگامی غیر ملکی کارروائیوں کے طور پر بیان کرتا ہے۔ یہ پیش رفت پینٹاگون کے رجحانات کی عکاسی بھی کر رہی ہے ۔ خاص طور پر وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کا موقف درست سمت میں نہیں ہے۔مارچ کے اوائل میں آسٹن نے امریکی مسلح افواج کو ایک پیغام بھیجا جس میں 3 ترجیحات کو اجاگر کیا گیا تھا۔ سب سے اہم چین کا مقابلہ کرنا تھا جسے انہوں نے تیز رفتار چیلنج کے طور پر بیان کیا۔ وائٹ ہاﺅس نے سال 2024ءکیلئے 886بلین ڈالر سے زائد کے دفاعی بجٹ کی درخواست کی تھی جو رواں سال 2023 ءکے بجٹ کے مقابلے میں 3.2 فیصد زیادہ ہے۔آسٹن نے کہا کہ بجٹ نے لاگو ہونے سے پہلے کانگریس سے منظور ہونا ہے۔ چین کی طرف سے درپیش تیز رفتار چیلنج سے نمٹنے، مسلسل اور ابھرتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے جدید کاری کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔



















