لاہور (کامر س رپورٹر) ویتنام کے سفیر فونگ ٹائن نگوئن نے کہا ہے تجارت کے حجم کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو کاروباری افراد کو سہولیات فراہم کرنے اور متعلقہ معلومات کا تبادلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد اور کراچی میں ویتنام کا سفارت خانہ پاکستان کے تاجروں کی مدد اور سہولیات کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔
سفیر نے کہا کہ یہ ان کا لاہور کا پہلا دورہ ہے اور وہ لاہور چیمبر کے ساتھ تین طرح کی چیزیں شیئر کریں گے۔ پہلا، ویتنام کے سفارتی اور اقتصادی تعلقات کی تاریخ، دوم، اقتصادی تعاون کے لیے کیا فریم ورک ہونا چاہیے اور تیسری اور آخری چیز ڈیٹا اور شماریات کے اعداد و شمار اور عمل درآمد کا عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ ویتنام اور پاکستان نے گزشتہ سال باہمی تعلقات کی پچاس سالہ تقریبات منائی تھی۔ پاکستان نے ہمیشہ تمام عالمی فورمز پر ویتنام کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ہر سال میٹنگز کی صورت میں ایک طریقہ کار موجود ہے۔ سفیر نے کہا کہ ہم ویتنام کے تاجروں کو پاکستان لانا چاہتے ہیں تاکہ لاہور اور پنجاب میں تجارت و سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا جاسکے۔ سفیر نے بتایا کہ 90 فیصد کاٹن اور 60 فیصد دھاگہ لاہور سے درآمد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ویت نام پاکستان کو فشریز، چائے، کاغذ، کیمیکل، ادرک اور دیگر مصنوعات بھی برآمد کرتا ہے جو ہماری کل برآمدات کا 0.5 فیصد سے زیادہ نہیں ہیں۔
اسی طرح ویتنام دواسازی، کپاس، چمڑے کی مصنوعات درآمد کرتا ہے جن کا حجم بھی بہت کم ہے۔سفیر نے یہ بھی کہا کہ لاہور چیمبراپنے ہم منصبوں سے ملاقات کے لیے ایک وفد تشکیل دے اور ہم ویتنام میں وزراءاور اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کا بھی اہتمام کر سکتے ہیں۔
پاکستان کے تاجروں کی مدد ، سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت تیار ہے،ویتنام سفیر



















