اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)قومی اسمبلی کے 37حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی،پنجاب میں کاغذات نامزدگی وصول و جمع کرانے کا عمل شروع،تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عدالتی احکامات پر قومی اسمبلی کی 37نشستوں پر ہونےوالے ضمنی انتخابات ملتوی کر دیئے اور27جنوری ،3فروری کے نوٹیفکیشن واپس لے لیے۔
الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا،اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا 24، اسلام آباد 3 ،سندھ کے 9 حلقوں اور بلوچستان کی ایک نشست پر انتخابات ملتوی کیے گئے ،اعلامیے میں مزید کہا گیااقدام عدالتی فیصلوں کی روشنی میں کیا،ضمنی انتخابات 16 اور 19 مارچ کو شیڈول تھے۔
دوسری جانب پنجاب میں انتخابات کی غیر یقینی صورتحال کے باوجود امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی وصول و جمع کرانے کا عمل شروع ہو گیا،متعدد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل اور کچھ نے جمع بھی کرادئیے جبکہ الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں اور آراوز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے پنجاب میں امیدوارو ں کو بغیر کسی رکاوٹ کاغذات نامزدگی جاری کئے جائیں۔
ادھر الیکشن کمشنر پنجاب نے عوام ، امیدواروں اور ریٹرننگ افسروں کےلئے ضلعی الیکشن کمشنرز دفاتر میں سہولت سنٹر قائم کر دئیے،36اضلاع میں ضلعی الیکشن کمشنر دفاتر میں ٹیلیفون ہیلپ لائن نمبرز بھی مختص کردئیے گئے،صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا الیکشن سہولت سنٹر پر عوام ، ووٹرز، امیدواروں ا ور متعلقہ ریٹرننگ افسروں کی رہنمائی کی جائے گی۔
دوسری جانب لاہور میں دفعہ 144کے نفاذ کےخلاف پی ٹی آئی کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا گیا،الیکشن کمیشن کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیاپنجاب حکومت کی طرف سے دفعہ 144 کے نفاذ اور الیکشن ریلیوں پر پابندی کیخلاف پی ٹی آئی کے بابر اعوان اور یاسمین راشد کی درخواستوں پر چیف الیکشن کمشنر نے آج ساڑھے 10 بجے کمیشن کا اہم اجلاس طلب کرلیا ۔
اس سے قبل تحریک انصاف نے لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا ، درخواست میں موقف اختیا ر کیا گیاپی ٹی آئی کی ریلی پر دفعہ 144 کا نفاذ غیر قانونی ہے، الیکشن مہم تحریک انصاف کا آئینی حق ہے،الیکشن کمیشن دفعہ 144 کے نفاذ کو ختم کرے، پنجاب حکومت دفعہ 144 کا نفاذ کر کے عدالتی فیصلے کے پیرا 15 کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
قومی اسمبلی کے 37حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی



















