سیاسی رہنماوں پر حملوں کاخطرہ،انتخابات نہ کرائے جائیں،سکیورٹی ادارے

اسلام آباد(بیورورپورٹ)حملوں کاخطر ہ،سکیورٹی اداروں نے انتخابات نہ کرانے کامشورہ دےدیا،تفصیلا ت کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت انتخابات و سکیورٹی پر اہم اجلاس ہوا ،حساس اداروں کے حکام بھی شریک ہوئے،اجلاس میں آئی ایس آئی کی جانب سے سیکٹر کمانڈر اسلام آباد، سیکٹر کمانڈر پنجاب ،سیکٹر کمانڈر خیبر پختونخوا، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کی طرف سے جوائنٹ ڈائریکٹر پنجاب و جوائنٹ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب اور ڈی آئی جی خیبر پختونخوا نے بھی شرکت کی۔

سکیورٹی اداروں نے سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی،الیکشن کمیشن نے دونوں صوبوں کے انتخابات کےلئے 3 لاکھ 53 ہزار کی اضافی نفری مانگ لی،ذرائع کے مطابق حکام کو بریفنگ دی گئی پنجاب میں پولیس کے علاوہ 2 لاکھ 97 ہزار دیگر قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے اہلکار درکار ہوں گے ،خیبر پختونخوا میں 56 ہزار مزید نفری چاہیے۔

دونوں صوبوں میں تقریباً 67 ہزار پولنگ سٹیشنز قائم کیے جائیں گے، پنجاب میں تقریباً 52 ہزار ،کے پی میں 15 ہزار پولنگ سٹیشن قائم ہوں گے،ڈی آر اوز انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کی نشاندہی کریں گے جبکہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ دیگر اداروں کے سکیورٹی اہلکار درکار ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں نے الیکشن کمیشن کو تھریٹس سے آگاہ کرتے ہوئے انتخابات نہ کرانے کا مشورہ دےدیا، دوران اجلاس خفیہ اداروں کی جانب سے انتخابات کرانے کی متفقہ طور پر مخالفت کی گئی،آئی ایس آئی، آئی بی اور سی ٹی ڈی حکام نے رائے دی پنجاب ،خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کےلئے ماحول سازگار نہیں۔

حساس اداروں کی بریفنگ میں بتایا گیا عمران خان، بلاول بھٹو اور فضل الرحمن کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، دیگر سیاسی رہنماوں کو بھی خطرات لاحق ہیں،انتخابات کے نتائج کسی ایک جماعت نے ماننے سے انکار کیا تو نیا تنازع بھی پیدا ہو سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سکیورٹی معاملے پر آئندہ ہفتے دوبارہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا ، اجلاس میں وزرات دفاع اور وفاقی حساس اداروں کے حکام بریفنگ دیں گے،الیکشن کمیشن تمام اداروں کی بریفنگ کے بعد آئندہ ہفتے اہم فیصلے کریگا،دریں اثناالیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی آر اوز عدلیہ سے لینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پنجاب میں ہونےوالے عام انتخابات کےلئے انتخابی افسروں بیوروکریسی سے لے لئے ،36اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں کی ذمہ داری سونپ دی گئی،الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ، مجموعی طور پر پنجاب کے 297حلقوں میں بیورو کریسی سے ریٹرننگ افسر تعینات کردئیے گئے۔