قانون میں سقم دور،نئی ترمیم تو اچھی ہے،سپریم کورٹ

اسلام آباد (بیورورپورٹ) سپریم کورٹ نے نئی نیب ترمیم کواچھا قرار دیتے ہوئے نیب رضا کارانہ سکیم واپسی ازخود نوٹس نمٹا دیا،تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس پرسماعت کی،سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا2022ءمیں نیب ترامیم کے بعد سیکشن 25 اے بھی جرم تصور ہوگا جو سزا پلی بارگین میں تھی وہی اب رضاکارانہ واپسی میں بھی ہے،رقم کی رضاکارانہ واپسی کے بعد سرکاری عہدے پر 10 سال کےلئے پابندی ہوگی۔

پراسیکیوٹر نیب نے کہا موجودہ کیس کو نیب ترامیم کے بعد سنا جائے،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ازخود نوٹس کا مقصد پورا ہو چکا ،چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا نیب کی ساری ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج نہیں کیا گیا، سرکاری ملازم پیسے دے کر کلین چٹ لیتا تھا پھر وہی کرتا تھا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا قانون میں جو سقم تھا وہ دور کر دیا گیا، نئی نیب ترمیم تو اچھی ہے، کیس کے ساتھ منسلک کی گئی دیگر درخواستوں کو علیحدہ سنا جائے گا۔