نوجوان نسل کی بہترین تربیت سے ہی مثبت معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے،کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے کہا ہے کہ اساتذہ کا بنیادی فرض تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات کی تربیت سازی بھی ہے جس کو ہر حال میں اولیت دی جانی چاہیے۔ نوجوان نسل کی بہترین تربیت سے ہی مثبت معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے جس کے لئے ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کا بھی اہم کردار ہے۔ انہوں نے یہ بات ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج کے بورڈ آف گورنرز کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں پرنسپل بریگیڈئیر (ر) سید انوار الحسن کرمانی نے انہیں سکول کی نصابی اور ہم نصابی کامیابیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، بورڈ ممبران پروفیسر قمر الزمان خان، چوہدری سلطان محمود، شیخ محمد یونس (ستارہ امتیاز)، میاں محمد صدیق کمیانہ اور سید افتخار حسین شاہ اور برسر کاشف ستار نے بھی شرکت کی۔ پرنسپل نے بتایا کہ ڈی پی ایس ساہیوال کیمپس میں مارننگ اور آفٹر نون دو شفٹوں میں 8776طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جبکہ اساتذہ کی تعداد344ہے۔ سٹوڈنٹس کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر راوی کیمپس بھی تعمیر کیا گیا ہے اور اگلے تعلیمی سال سے مونٹسری سے آٹھویں تک کلاسز کا اجراءکیا جا رہا ہے جس میں اب تک561طلبہ داخلہ لے چکے ہیں۔ اسی طرح چیچہ وطنی کیمپس میں بھی 1423طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جن کے لئے72اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئیں اور6ایکڑ رقبے پر نیا کیمپس بھی تعمیر کیا جارہا ہے۔

پرنسپل بریگیڈئیر (ر) سید انوار الحسن کرمانی نے مزید بتایا کہ سکول نصابی کامیابیوں میں ضلع بھر میں سالہاسال سے نمایاں پوزیشنز حاصل کرتے آیا ہے اور سال2022کے بورڈ امتحانات میں سکول کے564طلبہ و طالبات نے میٹرک کا امتحان دیا جس میں سے 551پاس ہوئے اور388نےAپلس گریڈ حاصل کیا۔ اسی طرح انٹرمیڈیٹ 2022کے امتحان میں 585طلبہ وطالبات شریک ہوئے جن میں سے580پاس ہوئے اور379نے Aپلس گریڈ حاصل کیا۔

اسی طرح کھیلوں میں بھی طلبہ و طالبات نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ والدین کے بڑھتے ہوئے مطالبے کے پیش نظر راوی کیمپس میں نئے تعلیمی سیشن سے او لیول کلاسز کا بھی اجراءکیا جارہا ہے جس سے شہریوں کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہو گا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ڈی پی ایس کی نصابی اور کھیلوں میں کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پرنسپل برگیڈئر(ر) سید انوار الحسن کرمانی کی سکول کی ترقی کے لئے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ اساتذہ کی مسلسل تربیت پر بھی توجہ دی جائے تاکہ وہ دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر طلبہ و طالبات کو زیورتعلیم سے آراستہ کر سکیں۔ انہوں نے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی خصوصاً ادب اور آرٹ پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔