اسلام آباد (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی نے 9 مئی کو فوج اور ریاستی تنصیبات پر حملوں میں ملوث شرپسندوں کےخلاف آرمی ایکٹ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت موجودہ قوانین کے تحت مقدمات چلانے کی قرارداد منظور کرلی۔
قرارداد وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے پیش کی گئی جس میں کہا گیا 9 مئی کو دل دہلا دینے والے شرمناک واقعات پیش آئے، ملوث عناصر کےخلاف موجودہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے، ملوث عناصر، معاون، مددگاروں کیخلاف آرمی ایکٹ 1956، انسداد دہشت گردی ایکٹ اور مجموعہ ضابطہ فوجداری کے تحت کارروائی کی جائے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا 9 مئی کے واقعات سے دنیا بھر میں پاکستان کا تشخص متاثر ہوا، ایوان مسلح افواج کےساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
ایوان میں قرارداد پڑھتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا 9 مئی کو دلخراش اور دل دہلا دینے والے واقعات ہوئے، دن کو یوم سیاہ قرار دیا جانا چاہئے، خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا جان اللہ کو دینی ہے کہنے والے نے لوگوں کو جی ایچ کیو حملے پر اُکسایا، جو قومیں محسنوں کی تکریم نہیں کرتیں وہ مٹ جاتی ہیں، قید کے اندر سے ویڈیو پیغام میں دھمکی دی اگر رہا نہ کیا گیا تو دوبارہ تیار ہوجائیں، ذوالفقار بھٹو کو پھانسی دی گئی، محترمہ بےنظیربھٹو کی شہادت ہوئی لیکن ایسا ری ایکشن نہیں آیا، نوازشریف جعلی جے آئی ٹی، عدالتوں کے سامنے پیش ہوتا رہا، 9 مئی کے کیسز انسداد دہشت گردی ایکٹ اور آرمی ایکٹ کے تحت چلیں گے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا آڈیو لیکس کمیشن دودھ کا دودھ پانی کا پانی کرنے کیلئے قائم کیا، آڈیوز کی شناخت ہونے کے بعد چہرے بے نقاب ہونے چاہئیں، پی ٹی آئی نے کمیشن کو چیلنج کرکے ججوں پراعتراض کیا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے کردار کی جنگ لڑی وہ سب کے سامنے ہے، عمران خان نے اب تک 9 مئی کے واقعات کی واضح مذمت نہیں کی، حملہ فوجی تنصیبات نہیں پاکستان پر تھا، حملے کی توقعات ہندوستان سے تھیں، پاکستانیوں سے نہیں جن لوگوں نے اشتعال دلایا اب وہ رشتہ داریاں گنوا رہے ہیں، شہید کرنل شیر خان کا مجسمہ اُکھاڑتے ہوئے کسی کو قربانی یاد نہیں آئی؟ انہوں نے ایٹمی قوت کی نشانی کو بھی آگ لگا دی، چہروں کی شناخت کریں کہاں سے آئے۔
خواجہ آصف نے کہاعمران خان کہتا ہے مجھے پتہ نہیں باہر کیا ہو رہا تھا، اس کے پاس ٹیلیفون کی سہولت تھی وہ یاد تھا، لوگ نیازی کے کہنے پر قومی شناخت کو مسخ کررہے تھے، عدالت کے اندر ٹیلیفون استعمال کیا، 8، 9 دن مذمت کرنے کا انتظار کرتا رہا، پی ٹی وی اورپارلیمنٹ پر حملے میں بھی عمران خان ملوث تھا، نواز شریف نے نام نہاد انصاف کے نظام کے سامنے سرجھکایا، ناانصافیاں ہوتی رہیں، برداشت کرتے رہے، عزت اور وقار والے قانون کے سامنے سرنڈر کرتے ہیں۔
شرپسندوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی قرارداد منظور



















