توشہ خانہ کیس،چیئرمین پی ٹی آئی کو3سال قید،5سال کیلئے نااہل،لاہور سے گرفتار،اٹک جیل منتقل

اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ (کرائم رپورٹر،بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر،خبر نگار)توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 3سال قید،ایک لاکھ جرمانہ،زمان پارک لاہور سے گرفتار،طبی معائنے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل،پی ٹی آئی نے ملک گیر پرامن احتجاج کی کال دےدی،فیصلہ اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے کااعلان،گرفتاری کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع،پولیس نے احتجاج کرنےوالے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس ناقابل سماعت ہونے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی،کیس کی سماعت میں3بار وقفہ کیا گیا۔

بعدازاںعدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہاملزم کےخلاف جرم ثابت ہوتا ہے، ملزم نے الیکشن کمیشن میں جھوٹی تفصیلات جمع کرائیں، ملزم کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب پائے گئے ، ملزم نے جان بوجھ کر الیکشن کمیشن میں جھوٹی تفصیلات دیں۔

جج ہمایوں دلاور نے فیصلہ سنایا ملزم کو الیکشن ایکٹ کی سیکشن 174 کے تحت 3 سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی جاتی ہے، ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا نہ کیا گیا تو مزید 6 ماہ قید ہوگی۔

بعدازاںایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے 30صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہاچیئرمین پی ٹی آئی کی بد دیانتی کسی بھی شک و شبے سے بالاتر ہے،ملزم کی جانب سے کیس قابل سماعت ہونے کی درخواست پر کسی نے بحث نہیں کی، 5 مئی ،8 جولائی کو قابل سماعت ہونے کے دلائل پر درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا شکایت کنندہ نے تسلی بخش شواہد پیش کیے، شکایت کنندہ کے دئیے شواہد سے چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف الزامات ثابت ہوتے ہیں۔

جج ہمایوں دلاور نے لکھا ثابت ہوتا ہے چیئرمین پی ٹی آئی نے جھوٹا ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کرایا، 19-2018، 20-2019 میں توشہ خانہ سے لیے تحائف کا جھوٹا ریکارڈ جمع کرایا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے قومی خزانے سے لیے تحائف کا غلط فائدہ اٹھایا، بے ایمانی کی گئی۔

حکم نامے میں کہا گیا توشہ خانہ سے لیے گئے تحائف کا ریکارڈ جھوٹا ثابت ہوا، چیئرمین پی ٹی آئی کی بے ایمانی پر کوئی شک نہیں، 3 سال قید کی سزا ،ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، جرمانہ نہ بھرا تو مزید6ماہ قید بھگتنا ہوگی، سابق وزیر اعظم فیصلے کے وقت کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے، آئی جی اسلام آباد کو وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کا حکم دیا جاتا ہے۔

جج نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی نے جان بوجھ کر جھوٹ بولا، توشہ خانہ سے حاصل تحائف کی معلومات دینے میں چیٹ کیا، معلومات بعد میں غلط ثابت ہوئیں، سابق وزیر اعظم کی بدنیتی بغیر کسی شک و شبے کے ظاہر ہو گئی ،الیکشن ایکٹ کی سیکشن 174 کے تحت سزا دی جاتی ہے۔

تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف بھرپور شواہد موجود ہیں، جرم ثابت ہو گیا،غلط بیانی کر کے کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے،قومی خزانے سے فوائد اٹھائے اور جان بوجھ کر چھپایا،عدالتی فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت 5 سال کےلئے نااہل بھی ہوگئے۔

اسلام آباد پولیس فیصلے پر عملدرآمد کیلئے سابق وزیراعظم کی لاہور رہائشگاہ زمان پارک پہنچی اور چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرلیا،گرفتاری میں لاہور پولیس کی جانب سے بھرپور معاونت کی گئی،اس موقع پر زمان پارک جانےوالے راستے بند کردئیے گئے اور پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات رہی۔

سابق وزیر اعظم کو زمان پارک سے حراست میں لینے کے بعد پولیس سخت سکیورٹی میں بذریعہ موٹروے اسلام آباد لےکر پہنچی ،اڈیالہ روڈ سے پمز ہسپتال لےجایا گیا ڈاکٹرز کی ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی کا میڈیکل چیک اپ کیا۔

میڈیکل کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کیے جانا تھا تاہم سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اٹک جیل کے ہائی سکیورٹی زون کے لاک اپ میں منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم کو ہائی سکیورٹی زون میں رکھا جائے گا، بی کلاس ملے گی،لاک اپ کی سکیورٹی جیل پولیس کمانڈوز کے سپرد کردی گئی،تعینات اہلکار غیر مسلح ہوں گے،لاک اپ کا ایک دروازہ ایک کھڑکی ہے، پانی کا کولر، کرسی اور میٹرس فراہم کردیا گیا، لاک اپ میں ٹی وی یا انٹرنیٹ کی سہولت نہیں ہوگی، سابق وزیر اعظم کیلئے الگ واش روم مختص کر دیاگیا،عدالتی وارنٹ بھی جیل انتظامیہ کو موصول ہوگیا، وارنٹ میں مخصوص سہولیات دینے کی کوئی ہدایات نہیں ۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کےخلاف ملک گیر پر امن احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا کارکن عوام کےساتھ مل کر مکمل نظم و ضبط و آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کریں۔


وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا ،توشہ خانہ کیس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے فیصلے و چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا ۔

اعلامیے میں کہا گیا چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں تنظیمی و سیاسی حکمت عملی پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ،ٹھوس شواہد کے باوجود متعصب جج کے نہایت ناقص فیصلے کو پوری قوم نے مسترد کردیا، پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت جعلی ٹرائل کے ذریعے فیصلہ سناکرچیئرمین تحریک انصاف کو گرفتار کیا گیا، طے شدہ منصوبے کے تحت گرفتاری پر پوری قوم میں شدید ردعمل کی کیفیت ہے، معزز سپریم کورٹ چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف فیصلے کی اپیل پر بلاتاخیر سماعت کرے، تحریک انصاف کی اپیل کو چھٹیوں و دیگر معمولات کا لحاظ کئے بغیر ترجیحی بنیادوں پر سماعت اور فیصلے کیلئے مقرر کیا جائے۔

کور کمیٹی نے مزید کہا آئین پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، تحریک انصاف کے کارکن بے انصافی کےخلاف ملک گیر احتجاج کریں گے،قائد کو ظلم کے شکنجے و ظالم کی قید سے رہائی دلوانے کیلئے بھرپور قانونی لڑائی لڑیں گے، قوم کے معتبر و محبوب ترین قائد کو رہا کرائیں گے ،پوری قوم ملک میں جاری ظلم و فسطائیت کےخلاف پی ٹی آئی چیئرمین کی ہم آواز، آئین و جمہور دشمن سازشیوں کےخلاف کھڑی ہے، تحریک انصاف کے ذمہ دار چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں سفاک امپورٹڈ حکومت کے ہاتھوں گرفتار ہوئے بغیر سیاسی و تنظیمی حکمت عملی آگے بڑھائیں گے۔

جبکہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا قانون ہاتھ میں لینا ہے نہ ہی املاک کو نقصان پہنچانا ہے مگر حقیقی آزادی کی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے، آرٹیکل 10 اے کے تحت فیئر ٹرائل کا بنیادی حق نہیں دیا گیا،کارکن و عوام کا میسر آئینی حق سلب نہیں کیا جاسکتا۔

ترجمان پی ٹی آئی نے پارٹی چیئرمین کی گرفتاری پر اپنے رد عمل میں کہا توشہ خانہ کیس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے متعصبانہ فیصلے کو مسترد کرتے ہیں ، فیصلے کو اعلیٰ عدالت کے روبرو چیلنج کیا جائے گا،توشہ خانہ مقدمے کے ذریعے نظامِ عدل کی پیشانی پر ایک اور سیاہ دھبہ لگا۔

اپنے بیان میں ترجمان تحریک انصاف نے کہا تاریخ میں بیہودہ ترین انداز میں ٹرائل چلایا گیا، تاریخ کے بدترین ٹرائل میں متعصب و اخلاقی ساکھ سے محروم جج کے ہاتھوں انصاف کے قتل کی کوشش کی گئی، تعصب کی سیاہ پٹیاں آنکھوں پر باندھ کر ٹرائل چلانے والے جج نے مقدمے کے حقائق کو مخصوص ایجنڈے کی بھینٹ چڑھایا۔

ترجمان نے مزید کہا سیشن عدالت کا فیصلہ سیاسی انتقام و انجینئرنگ کی بدترین مثال ہے، ناقص، مضحکہ خیز اور ٹھوس قانونی بنیادوں سے محروم فیصلے کے ذریعے جمہور و جمہوریت کیخلاف شرمناک یلغار کی گئی، جج کا فیصلہ لندن پلان کے تحت لیول پلیئنگ فیلڈ جیسے شرمناک اہداف کے حصول کی مایوس کن کوشش ہے، مقبول و معتبر ترین سیاسی قائد کے خلاف سازش اور انتقام کی ایسی بھونڈی کوشش قوم ہرگز قبول نہیں کرے گی، فسطائیت کو میسر عدالتی پناہ و بدترین ریاستی جبر کے سامنے ہرگز سرنگوں نہیں ہوں گے۔

علاوہ ازیںتحریک انصاف نے پارٹی چیئرمین کی گرفتاری کےخلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا،پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری کےخلاف درخواست میں موقف اختیار کیا گیا پولیس نے غیرقانونی طور پر حراست میں لیا ، پولیس کے پاس کوئی فیصلہ نہیں تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کو اغوا کیا گیا،درخواست پر فوری سماعت کرکے سابق وزیراعظم کی گرفتاری کو کالعدم قراردیاجائے،

ادھر پولیس نے گرفتاری کیخلاف احتجاج کرنےوالے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا،گرفتار ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔