حکومتی اپیل واپس،توشہ خانہ پر پہلے ہی بہت شرمندگی ہوچکی ،سپریم کورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے ریمارکس دئیے ہیں رولز پر نہ جائیں توشہ خانہ پر پہلے ہی بہت شرمندگی ہوچکی جبکہ وفاقی حکومت نے ہائیکورٹ احکامات کیخلاف اپیل واپس لے لی۔

سپریم کورٹ میں توشہ خانہ تحائف کی نیلامی کیس پر سماعت ہوئی،ڈپٹی اٹارنی جنرل ملک جاوید نے بتایا توشہ خانہ تحائف پر نیا قانون توثیق کیلئے صدر کے پاس ہے،جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے قانون بے شک نیا بن جائے ہائیکورٹ کا فیصلہ اپنی جگہ برقرار رہے گا۔

ہائیکورٹ نے قرار دیا توشہ خانہ تحائف عوامی ملکیت ہیں، عوامی ملکیت کے حامل تحائف کی نیلامی میں ہر شخص حصہ لے سکتا ہے، تحائف عوامی ملکیت ہیں تو ایسا ممکن نہیں صرف مخصوص افراد ہی خرید سکیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آئین و قانون کے مطابق درست ہے، سب سے زیادہ بولی دینے والا ہی تحفہ خریدنے کا حقدار ہوسکتا ہے،وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کیس میں ہائی کورٹ احکامات کیخلاف دائر اپیل واپس لے لی،ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا توشہ خانہ نئے رولز کی روشنی میں اپیل واپس لینا چاہتے ہیں،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا رولز پر نہ جائیں توشہ خانہ پر پہلے ہی بہت شرمندگی ہوچکی ، رولز کی بات کرینگے تو سوال اٹھائیں گے کس قانون کے تحت قواعد بنائے ، قواعد کی بات رہنے دیں اپیل واپس لے رہے ہیں تو ایسے ہی لیں۔