امریکہ کےساتھ تجارتی تعلقات سمیت متعدد شعبوں میں تعاون مزیدبہتر بنائیں گے،وزیراعظم

لاہور( خبر نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان امریکہ کےساتھ باہمی مفاد پر مشتمل بالخصوص دو طرفہ تجارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،امریکہ سے دو طرفہ کثیر الجہتی تجارتی تعلقات و انفارمیشن ٹیکنالوجی ،زراعت و صنعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
زیر اعظم شہباز شریف سے امریکہ میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی امریکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید موثر بنانے کےلئے مختلف شعبوں میں ممکنہ مواقع کو اجاگر کرنے کےلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعظم نے امریکی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرنے کی بھی خصوصی ہدایت کی تاکہ حکومت بروقت اور موثر اقدامات اٹھا کر تجارتی حجم کو مزید بہتر کر سکے، ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا سرمایہ کاروں کےلئے درآمدات و برآمدات پر لاگو قوانین و ضوابط کو آسان بنانے کےلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
سردار مسعود خان نے وزیر اعظم کو امریکہ میں موجود پاکستانی سفارتی مشن کی کارکردگی سے آگاہ کیا،دریں اثنا شہباز شریف سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اہم قانونی و آئینی امور پر بھی مشاورت کی گئی۔