مضبوط خاندان عورت کے تحفظ اور نسل نو کی تعمیر کیلئے ناگزیر ہے: سراج الحق

لاہور (نمائندہ خصوصی) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام عورت کے حقوق کا سب سے بڑا ضامن ہے، معاشرہ میں حقوق و فرائض کے توازن کو قائم رکھنا مضبوط خاندان کی بنیاد ہے اور مضبوط خاندان عورت کے تحفظ اور نسل نو کی تعمیر کیلئے ناگزیر ہے، پارلیمنٹ میں تحفظ نسواں کے متعدد بل منظور ہونے کے باوجود معاشرتی ناانصافیوں اور جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جماعت اسلامی عورتوں پر ظلم کے خلاف چوکوں، چوراہوں اور ایوانوں میں آواز بلند اور انکے تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ خواتین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی 8مارچ کو عالمی یوم خواتین ملکی سطح پر منائے گی، اسلام آباد میں خواتین ریلی کی قیادت کروں گا، لاہور کراچی سمیت تمام صوبائی ہیڈکوارٹرز پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت ریلیاں، جلسے منعقد کیے جائیں گے، جب تک قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں شاہی گھرانوں کے شہزادے، شہزادیاں جائیں گے، خواتین سمیت کسی کو ان کے حقوق نہیں ملیں گے، معاشرہ کی عام عورت اور مرد ایوانوں میں پہنچیں گے تو عوام کے لیے مثبت فیصلے اور قانون سازی ہو گی، اس وقت ملک میں اندھیرنگری چوپٹ راج نظام رائج ہے، ان حالات میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جدوجہد اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد پارٹی ہے جس میں خواتین ووٹ حاصل کر کے مرکزی شوریٰ کا حصہ بن رہی ہیں اور ان کا الگ مکمل تنظیمی ڈھانچہ بھی موجود ہے۔ جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کی ترجمان جماعت ہے جو عورتوں کیلئے ایک مکمل پروگرام رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف، قائم مقام سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی ثمینہ سعید، عائشہ سید، عافیہ سرور، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، بیگم سراج الحق، ڈاکٹر حمیرا طارق، عطیہ نثار، بشریٰ صادقہ، سکینہ شاہد، تسنیم معظم، عالیہ منصور، رخشندہ منیب، ربیعہ طارق، تسنیم سرور اور شازیہ عبداللہ سمیت دیگر خواتین رہنما بھی موجود تھیں۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کیلئے میدان اور ایوان میں جنگ لڑے گی، آج پاکستان میں عورت ظلم کا شکار ہے اس کو ملازمت کیلئے پرسکون ماحول میسر نہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ دین اسلام اور نبی اکرم نے عورت کو جو تکریم دی اس کے مطابق عورت کووراثت میں حق دیا جائے، گھریلو تشدد پر سخت قوانین بنا کر قرار واقعی سزائیں دی جائیں، خواتین اور معصوم بچوں کے ساتھ درندگی کے مرتکب درندوں کو نشان عبرت بنایا جائے، سندھ و بلوچستان میں نجی جیلوں اور قید خانوں میں بند عورتوں کو بازیاب کرایا جائے، بنکوں سے عورتوں کو بلاسود قرض فراہم کیے جائیں تاکہ خواتین اپنے گھروں میں معاشی یونٹ لگا کر اپنے خاندان اور ملک کو خوشحال بنا سکیں۔ بنگلہ دیش نے خواتین کو بلاسود قرض دیے جس سے انہوں نے معاشی اقتصادی محاذ پر بے پناہ ترقی کی۔ انھوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں تین کروڑ 33لاکھ لوگ متاثر ہوئے جس میں نصف خواتین ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں متاثرہ خاندانوں کو خصوصی طور پر ریلیف فنڈز دیں تاکہ وہ نظام زندگی چلا سکیں۔ امیر جماعت نے کہا کہ سٹیٹس کو حکومتوں کے ہوتے ہوئے مرد کو حق ملے گا نہ عورت کو، یہ حقوق صرف ملک میں اسلامی حکومت، قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ اور حقیقی تبدیلی کی صورت میں ملیں گے اور مضبوط قوم اور خاندان تبھی وجود میں آئے گا جب عورت مضبوط ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ 75برسوں سے ایوانوں میں بیٹھے حکمرانوں نے پاکستانی خواتین کو حقوق دینے کی بجائے ملک و اسلام دشمن این جی اوز کی ترجمانی و نمائندگی کی ہے۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے ہی عورتوں کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی اور اس کے مقابلے میں جو خواتین کے حقوق کی تنظیمیں ہیں وہ عملی طور پر خواتین کے حقوق کی بجائے ان کے حقوق کو سلب کرنے کے ایجنڈے پر مرکوز ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسلام آباد ایف 9، بارکھان میں نجی جیل اور گوجرانوالہ میں درندگی کے واقعات شرمناک اور اذیت ناک ہیں۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے ان انساینت سوز واقعات پر صدائے احتجاج بلند کیا اور خواتین کو انصاف اور سیکیورٹی مہیا کرنے کے لیے آواز اٹھائی۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان میں عورتوں کی واحد فعال تنظیم ہے جو معاشرے میں اصلاح کا کام، خاندان، مظلوم بہنوں، بیٹیوں کے تحفظ اور سیلاب و زلزلہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جو قابل ستائش ہے۔